ڈومیسٹک کرکٹ نے مجھے بہت فائدہ پہنچایا، عامر جمال
راولپنڈی: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر عامر جمال نے کہا ہے کہ گھاس والی پچز تیار کرنا فاسٹ بولرز کے لیے ایک مثبت قدم ہے، ایسی وکٹوں پر آخری دن تک تیز گیند بازوں کو مدد مل سکتی ہے، جبکہ راولپنڈی ٹیسٹ کی پچ روز بروز تبدیل ہوگی۔
دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر جمال نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی اس نوعیت کی پچز تیار کی گئی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ڈومیسٹک کرکٹ کو ترجیح دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی ڈومیسٹک کرکٹ کا کوئی میچ مس نہیں کیا اور اس سطح کی کرکٹ نے انہیں بہت فائدہ پہنچایا ہے۔ پاکستان کرکٹ میں فاسٹ بولرز کی شاندار تاریخ موجود ہے۔
اپنی کارکردگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عامر جمال نے کہا کہ ان کا کام میدان میں اپنی سو فیصد کارکردگی دکھانا ہے اور وہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ ایک ہی جذبے کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ کرکٹ ان کا جنون ہے اور وہ کبھی حوصلہ نہیں ہارتے۔
بابر اعظم کی وکٹ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ جس گیند پر بابر آؤٹ ہوئے وہ بہت اچھی تھی اور ایسی گیند پر 99 رنز کے انفرادی اسکور پر بھی کھلاڑی آؤٹ ہو سکتا ہے۔
عامر جمال نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی حریف کو آسان نہیں لیا جا سکتا کیونکہ اس فارمیٹ میں کم بیک کرنے کا موقع موجود ہوتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پہلی اننگز کی برتری آخری روز پاکستان کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سری لنکن ٹیم 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے دوران عامر جمال نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔