تازہ ترین

کینسر سے صحت یابی کے بعد موسیقی کی دنیا میں واپسی کے لیے تیار ہوں، شفقت امانت علی

0

کراچی: معروف پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ دو برس سے کینسر کے مرض سے نبرد آزما ہونے کے بعد اب تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، تاہم اسٹیم سیل تھراپی سمیت ان کا علاج تاحال جاری ہے۔ انہوں نے صحت میں بہتری کے بعد دوبارہ موسیقی کی دنیا میں واپسی اور کنسرٹس میں پرفارم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت امانت علی نے بتایا کہ بیماری کے ابتدائی دنوں میں انہوں نے مختلف ڈاکٹروں سے علاج کروایا، تاہم بعد ازاں انہیں ملٹی پل مائیلوما کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد کراچی کے ایک نجی اسپتال میں ان کا علاج شروع کیا گیا۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ گلوکاری کی مصروف زندگی گزارنے کے بعد بیماری کے باعث طویل عرصے تک بستر پر رہنا ان کے لیے ایک مشکل تجربہ تھا، تاہم صحت میں بہتری آنے کے بعد وہ دوبارہ موسیقی کے میدان میں سرگرم ہونے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیماری کے باعث وہ تاحال گلوکاری کا سلسلہ دوبارہ شروع نہیں کر سکے۔

اس موقع پر میوزک ڈائریکٹر احسن باری نے بتایا کہ شفقت امانت علی کی طبیعت میں بہتری کے بعد گزشتہ دو ماہ سے ان کے ساتھ میوزک کنسرٹس کی تیاری جاری ہے۔ ان کنسرٹس میں موسیقی کے نئے انداز پیش کیے جائیں گے، جن میں ملک کے نامور موسیقاروں کے علاوہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی میوزک اکیڈمی کے طلبہ بھی حصہ لیں گے۔

احسن باری کے مطابق کنسرٹس کی تیاریاں کراچی میں منظم انداز میں جاری ہیں، جن میں ریہرسل کے ساتھ موک کنسرٹ بھی شامل ہے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر شفقت امانت علی کی بیماری سے صحت یابی اور موسیقی کی دنیا میں واپسی کے حوالے سے تیار کردہ ویڈیو پرومو بھی دکھایا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.