پاکستان کا شام کی تعمیرِ نو کے لیے عالمی برادری سے مسلسل امداد فراہم کرنے کا مطالبہ
نیویارک: پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ جنگ سے تباہ حال شام کی تعمیرِ نو کے لیے مسلسل اور عملی امداد فراہم کی جائے، جبکہ ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کی سیاسی اور انسانی صورتحال پر بریفنگ کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے کہا کہ شام کو سیاسی تبدیلی کے عمل میں کئی چیلنجز اور پیچیدہ علاقائی صورتحال کا سامنا ہے، تاہم اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت تسلیم کیے جانے اور مسلسل تعاون کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ شام کی ضروریات کا حجم قابلِ اعتماد اور مستقل امداد کے ساتھ شامی حکومت کے مؤثر تعاون کا تقاضا کرتا ہے۔ پاکستان شامی حکومت کی سیاسی انتقالِ اقتدار کے عمل کو آگے بڑھانے، قومی اداروں کی بحالی اور علاقائی و عالمی شراکت داروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ مشکل علاقائی ماحول میں شامی قیادت کی جانب سے سفارت کاری اور مذاکرات کو ترجیح دینا قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے شام پر عائد اقتصادی پابندیوں میں نرمی یا خاتمے کے لیے امریکا، یورپی یونین اور برطانیہ کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان سے ملک میں سرمایہ کاری اور تعمیرِ نو کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
سید حیدر شاہ نے شام کی جانب سے علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر شروع کیے گئے سرمایہ کاری اور تعمیرِ نو کے اقدامات کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان منصوبوں پر بروقت عمل درآمد سے بنیادی سہولیات بحال کرنے اور شامی عوام کی روزمرہ زندگی میں بہتری لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے انسانی امداد کا سلسلہ جاری رکھنے کو بھی ضروری قرار دیا۔
شام کے شمال مشرقی علاقے کے حوالے سے پاکستانی مندوب نے 29 جنوری کے معاہدے پر عمل درآمد جاری رکھنے اور سکیورٹی و انتظامی ڈھانچوں کو قومی اداروں میں ضم کرنے کے عمل میں پیش رفت مستحکم بنانے کی حمایت کی۔ انہوں نے سویڈا میں شام، اردن اور امریکا کے درمیان طے پانے والے روڈ میپ پر عمل درآمد کو بھی آگے بڑھنے کا قابلِ عمل راستہ قرار دیا۔
انہوں نے داعش، دیگر دہشت گرد گروہوں اور غیر ملکی دہشت گرد جنگجوؤں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے شام کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مسلسل اور مربوط تعاون ضروری ہے تاکہ ان گروہوں کو دوبارہ منظم ہونے سے روکا جا سکے اور حاصل شدہ کامیابیوں کا تحفظ کیا جا سکے۔
پاکستانی مندوب نے شام کی سرزمین پر اسرائیل کے مسلسل حملوں اور دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں شام کی سلامتی کی خلاف ورزی اور تعمیرِ نو کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل حملے بند کرے، مقبوضہ علاقوں سے انخلا کرے اور 1974 کے علیحدگی معاہدے سمیت سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ گولان شام کا علاقہ ہے۔
سلامتی کونسل کو بریفنگ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے شام کے لیے نائب خصوصی ایلچی کلاڈیو کورڈونے نے عبوری عوامی اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عبوری انصاف کے مجوزہ قانون کا کھلے انداز میں جائزہ لے اور تمام متاثرہ گروہوں کی آرا سنے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل جرائم کے مرتکب افراد یا متاثرین کی شناخت سے قطع نظر یکساں ہونا چاہیے۔
انہوں نے مستقل آئین کی تیاری اور قابلِ اعتماد و جامع انتخابات کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کرنے پر بھی زور دیا، جبکہ خواتین کی مکمل اور مساوی شرکت اور سول سوسائٹی سے مسلسل مشاورت کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے اور اقوام متحدہ اس عمل میں معاونت کے لیے تیار ہے۔
کلاڈیو کورڈونے نے عالمی بینک کے اس تخمینے کا حوالہ بھی دیا جس کے مطابق شام میں صرف تباہ شدہ جسمانی اثاثوں کی تعمیرِ نو کے لیے 216 ارب ڈالر درکار ہیں۔ انہوں نے مسلسل عالمی مالی معاونت اور بحالی کے منصوبوں کی ترجیحات طے کرنے میں متاثرہ آبادیوں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے شمال مشرقی شام میں سابق شامی ڈیموکریٹک فورسز کے اہلکاروں کو قومی ڈھانچے میں ضم کرنے کے اقدامات کا خیرمقدم کیا، تاہم کرد آبادی کی نمائندگی اور حقوق کے مسائل حل کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے سویڈا میں جاری تعطل اور 1974 کے علیحدگی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے مطالبے کو بھی دہرایا۔