وزارتِ تجارت اور ایچ بی ایل میں تجارتی فنانسنگ اور بینکاری روابط مضبوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد: وزارتِ تجارت نے پاکستان کے بڑے تجارتی بینکوں میں شامل حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے ساتھ تجارتی فنانسنگ اور بینکاری روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، جس کا مقصد سرحد پار مالیاتی لین دین میں سہولت فراہم کرنا اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینا ہے۔
یہ پیش رفت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ناصر سلیم کی سربراہی میں وفد کے درمیان ملاقات میں سامنے آئی۔ ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کی مالی معاونت، ڈیجیٹل بینکاری، برآمدات میں سہولت اور اہم عالمی منڈیوں میں پاکستان کی تجارت بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ وزارتِ تجارت بنگلہ دیش، چین، مالدیپ اور سری لنکا سمیت پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں کے ساتھ ایچ بی ایل کے تجارتی بینکاری اور مالیاتی روابط مضبوط بنانے میں تعاون کرے گی۔ اس اشتراک سے تجارتی لین دین میں آسانی، بینکاری سہولیات تک رسائی اور ان ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کے غیر رسمی ایس ایم ای شعبے کو دستاویزی معیشت کا حصہ بنانا ضروری ہے تاکہ کاروباری اداروں کو ادارہ جاتی مالی معاونت تک بہتر رسائی ملے، مصنوعات کا معیار بہتر ہو اور برآمدات میں مسابقت بڑھائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں مقابلے کے لیے بین الاقوامی معیار، کوالٹی اشورنس اور مصنوعات کی مکمل نگرانی کے نظام پر عمل درآمد کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کاروباری ضابطوں کو آسان بنانے، لائسنسنگ کے دہرے تقاضے ختم کرنے اور غیر ضروری انتظامی رکاوٹیں کم کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا، تاکہ سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
ایچ بی ایل کے وفد نے ایس ایم ایز کی مالی معاونت، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات اور غیر دستاویزی کاروباروں کو قرضوں کی فراہمی میں بینکوں کو درپیش مشکلات پر اپنے خیالات پیش کیے۔ دونوں جانب سے مالیاتی شمولیت بڑھانے، ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے اور کاروباری سرگرمیوں کو دستاویزی معیشت کا حصہ بنانے کے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
جام کمال خان نے افریقہ، جنوب مشرقی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزارتِ تجارت برآمدات میں تنوع لانے اور نئی منڈیوں کی نشاندہی کے لیے ملک اور شعبے کی بنیاد پر حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔
انہوں نے بینکاری شعبے کی جانب سے تجارتی فنانسنگ، بین الاقوامی لین دین میں سہولت اور پاکستانی برآمد کنندگان کو بیرون ملک نئی منڈیوں تک رسائی دلانے میں معاونت کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں وزیراعظم کی جانب سے ایس ایم ایز کی ترقی، زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں پر توجہ کا بھی ذکر کیا گیا اور ان ترجیحی شعبوں کی معاونت میں مالیاتی اداروں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر وزارتِ تجارت اور ایچ بی ایل کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، تاکہ تجارت، سرمایہ کاری، ایس ایم ایز کی ترقی اور اہم عالمی منڈیوں میں پاکستان کے تجارتی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔