انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دے کر آٹھ سال بعد ون ڈے سیریز جیت لی
ہوبارٹ: انگلینڈ نے بیلیریو اوول میں پہلی مرتبہ ون ڈے میچ جیت کر آٹھ سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی۔ انگلش ٹیم نے فیصلہ کن میچ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔
بیلیریو اوول میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بین ڈکٹ کی شاندار 133 رنز کی اننگز اور ول جیکس کی 59 رنز کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 328 رنز بنائے۔ ٹام بیٹن نے بھی 44 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جیک ایڈورڈز نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میٹ رینشا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ زیویئر بارٹلیٹ، کوپر کونولی اور ٹریوس ہیڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
329 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 46.5 اوورز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ میٹ رینشا 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ایلکس کیری نے 37 اور جیک ایڈورڈز نے 31 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 4 وکٹیں حاصل کیں، لیام ڈوسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ گس ایٹکنسن اور کپتان ہیری بروک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔