حنا آفریدی نے اپنی عبادت سے متعلق معمول بتا کر مداحوں کو حیران کردیا
پاکستانی اداکارہ حنا آفریدی نے ایک پوڈکاسٹ میں اپنی عبادت سے متعلق معمول بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ روزانہ 8 سے 9 مرتبہ نماز ادا کرتی تھیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ ردعمل سامنے آرہا ہے۔
اداکارہ کے مطابق ان کے معمول میں پانچ فرض نمازوں کے علاوہ اشراق، چاشت، اوابین اور تہجد کی نفل نمازیں بھی شامل تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ عبادت کا یہ شوق انہیں اپنی دادی سے ورثے میں ملا، جو خود بھی روزانہ اسی طرح نمازوں کا اہتمام کرتی تھیں۔
حنا آفریدی کا کہنا تھا کہ دادی نے انہیں یہ عادت سکھائی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جب بھی وہ کسی پریشانی کا شکار ہوتیں یا انہیں کسی چیز کی ضرورت ہوتی تو والدین کو تنگ کرنے کے بجائے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا اور گریہ زاری کرتی تھیں۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی ہے۔ متعدد صارفین نے ان کی عبادت سے محبت اور دینی لگن کو سراہا، جبکہ بعض نے روزانہ اتنی مرتبہ نماز ادا کرنے کے معمول پر حیرت کا اظہار کیا۔