پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کی یہ کامیابی کھلاڑیوں کی مشترکہ محنت، بہترین ٹیم ورک اور بھرپور عزم کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے فائنل میں ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کو ٹائٹل دلوایا۔
پی سی بی چیئرمین نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے یکجا ہوکر کامیابی حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فتح سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور قومی کرکٹ ٹیم کو مستقبل کے مقابلوں میں بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے۔
محسن نقوی نے ٹیم کی کامیابی کو پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔