پشاور: خیبرپختونخوا میں ممکنہ احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے پیش نظر پولیس کو سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے تمام ضلعی پولیس افسران کو جاری کردہ ہدایات میں کہا ہے کہ کسی بھی ممکنہ مظاہرے کے دوران حفاظتی اقدامات مکمل رکھے جائیں اور ضلعی سطح پر پولیس نفری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ ہدایت نامے کے مطابق، شرپسند عناصر کی جانب سے سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے خدشے کے پیش نظر حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔
آئی جی نے حساس مقامات پر اینٹی رائٹ اسکواڈ، خصوصی دستوں اور سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی، جبکہ سرکاری و نجی املاک اور پولیس اسٹیشنز کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ پٹرول پمپس، بینکوں اور دیگر اہم مقامات کے تحفظ کے لیے بھی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مظاہروں اور غیر قانونی اجتماعات کی صورت میں پہلے مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ مذاکرات ناکام ہونے پر اینٹی رائٹ اسکواڈ کارروائی کرے گا، جس کے بعد ضرورت کے مطابق ہوائی فائرنگ اور ربڑ کی گولیوں کے استعمال کی ہدایت دی گئی ہے۔
آئی جی کے پی نے احتجاجی سرگرمیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ، مظاہرین کی نگرانی اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ہے۔
پولیس حکام کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ سے نمٹنے کے لیے تحریری آپریشنل ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں، جن میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری تنصیبات، عمارتوں اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی اجتماعات اور پُرتشدد سرگرمیوں سے دور رہیں، قانون کی پاسداری کریں اور اشتعال انگیزی یا شرپسند عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ امن و امان میں خلل ڈالنے، سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے یا شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔