بلوچستان کے طلبہ کے لیے جدید ٹیکنالوجی تک رسائی بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں صوبے کا لیپ ٹاپ کوٹہ 6 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کردیا گیا ہے۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اس اقدام پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کا شکریہ ادا کیا۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ انہوں نے صوبے کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا معاملہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں بھی اٹھایا ہے۔ انہیں امید ہے کہ ان کوششوں کے نتیجے میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ترقی کے مزید راستے کھلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی تعلیم، تربیت اور کردار سازی میں سرمایہ کاری پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ نوجوانوں کی درست رہنمائی اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرکے ملک کے مستقبل کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
گورنر بلوچستان نے صوبے کی سرکاری جامعات کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل محنت، مؤثر نگرانی اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کی کوششوں کے نتیجے میں تمام سرکاری جامعات کی رینکنگ میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے تعلیمی معیار، تحقیقی سرگرمیوں اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی اختر بی بی اور رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل نے بھی نوجوانوں کی تعلیم، مثبت رہنمائی اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا۔ مقررین نے کہا کہ نوجوان پاکستان اور بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔