تازہ ترین

علی پرویز ملک سعودی عرب روانہ، توانائی پر اہم مذاکرات متوقع

0

سردیوں میں پاکستان کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ ورلڈ پیٹرولیم کانگریس میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق دورے کے دوران سعودی اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں پاکستان کی توانائی اور پیٹرولیم ضروریات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ سردیوں کے موسم میں گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

اس سے قبل قائمہ کمیٹی پیٹرولیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے بتایا تھا کہ ملک میں پیٹرولیم لیوی اس وقت 80 روپے کی حد تک وصول کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق علاقائی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس سے خام تیل کی ترسیل پر براہِ راست اثر پڑا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور حکومت کو احساس ہے کہ موجودہ حالات میں عوام کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی نان ٹیکس ریونیو کے زمرے میں آتی ہے، جس پر پارلیمنٹ کا ووٹ نہیں ہوتا، جبکہ کسی بھی ملٹی لیٹرل پارٹنر کے تعاون کے بغیر اس کے ہدف میں ردوبدل ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی منڈی کے مطابق طے ہونے والی قیمتیں شفاف انداز میں عوام تک منتقل کی جارہی ہیں، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین حکومت کے بجائے اوگرا کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ ملک کی پانچ میں سے چار ریفائنریز کے ساتھ یورو فائیو فیول کے معاہدے طے پاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود کھانا پکانے کے اوقات میں عوام کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، جبکہ شفافیت بڑھانے کے لیے فیول سپلائی چین کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.