تازہ ترین

صدر زرداری کی زیرصدارت اجلاس، خیبرپختونخوا پر اہم فیصلے متوقع

0

خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور سیکیورٹی معاملات پر غور کے لیے ایوانِ صدر میں اہم اجلاس شروع ہوگیا ہے، جس میں وفاقی حکومت کی اعلیٰ قیادت کی شرکت کے دوران صوبے سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان، نوید قمر اور دیگر شخصیات شریک ہیں۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں ملاقات کی دعوت دی، جسے مولانا فضل الرحمان نے قبول کرلیا۔ گفتگو کے دوران خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کارکنوں کے ہمراہ اسلام آباد کی جانب مارچ کررہے ہیں، جبکہ وفاقی حکومت نے واضح کیا ہے کہ کسی کو بھی وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی اٹک سے آگے نہیں بڑھ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر گورنر راج نافذ کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.