کراچی: جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف اپنی احتجاجی مہم جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ لانگ مارچ مؤخر کرنے کا فیصلہ احتجاج سے دستبرداری نہیں، بلکہ حکومتی یقین دہانیوں کے بعد اگلے مرحلے کے لیے حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی مسائل پر جماعت اسلامی کا ساتھ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے معاملے پر آواز بلند کی، جس کے باعث آج عوام کو اس مسئلے کے بارے میں آگاہی حاصل ہوئی ہے۔ اب جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے اور اس کے خلاف بھی جدوجہد جاری رکھے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے غیر قانونی طریقے سے رقم وصول کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ہر جماعت میں ایک ایسا اشرافیائی طبقہ موجود ہے جو عوامی مسائل کے بجائے اپنے مفادات کو ترجیح دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی دیوالیہ نہیں ہوسکتا، حکمران جھوٹ بول کر عوام کو لوٹتے ہیں اور جماعت اسلامی اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے حکومت پر دباؤ برقرار رکھے گی۔