چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے حق میں نہیں ہیں اور اس معاملے کو کسی غیر جمہوری یا پس پردہ طریقے سے آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔
رحیم یار خان میں پارٹی کارکنوں اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کا مطالبہ وہاں کے عوام کی خواہشات کی عکاسی کرتا ہے اور پنجاب اسمبلی بھی اس کی حمایت کرچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ صرف جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حق میں ہیں اور اس معاملے کو متنازع بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان کے مطابق اگر پنجاب کے عوام اور اسمبلی اس حوالے سے کوئی آئینی اور جمہوری فیصلہ کرتے ہیں تو پیپلز پارٹی بھی ان کے ساتھ ہوگی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے صوبے کا قیام کسی بیک ڈور انتظام کے ذریعے نہیں بلکہ جمہوری جدوجہد کے ذریعے عمل میں آنا چاہیے۔
ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، جبکہ نوجوان ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود روزگار سے محروم ہیں اور غربت، مہنگائی اور بے روزگاری عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے سیاسی مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت نفرت اور انتقام کی سیاست کا نہیں بلکہ مل کر عوامی مسائل حل کرنے کا ہے۔ انہوں نے حکمرانوں پر زور دیا کہ سیاسی تقسیم بڑھانے کے بجائے غریب عوام کی مشکلات کم کرنے پر توجہ دیں۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کو غریب دوست جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی ہمیشہ محروم طبقات کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہی ہے اور اس مشکل وقت میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
بلاول بھٹو نے پارٹی کے دیرینہ نعرے ’’روٹی، کپڑا اور مکان‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے جنوبی پنجاب کے صوبے کے قیام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اس مقصد کے لیے آئینی اور جمہوری راستہ اختیار کرے گی اور اس جدوجہد کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہے۔