تازہ ترین

شہباز شریف کی پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کو عالمی معیار کی ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے کی ہدایت

0

پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں زیادہ قابلِ مقابلہ بنانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) کی لیبارٹریز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پی سی ایس آئی آر کے امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کے مینڈیٹ، کارکردگی اور مستقبل میں اس کے ممکنہ کردار کا جائزہ لیا گیا۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ادارے کی تمام لیبارٹریز عالمی معیار کے مطابق ایکریڈیٹیشن حاصل کریں تاکہ پاکستانی برآمدی مصنوعات کی بین الاقوامی معیارات کے مطابق سرٹیفکیشن اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ توثیق کا عمل آسان بنایا جاسکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے پی سی ایس آئی آر اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے ادارے کو اپنی تحقیقی صلاحیتیں مؤثر انداز میں استعمال کرنا ہوں گی۔

انہوں نے نوجوانوں کی صنعتی فنی تربیت کے لیے نیوٹیک کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کی ہدایت کی، جبکہ پی سی ایس آئی آر کے حوالے سے کی گئی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

وزیراعظم نے ادارے کے قیام کے مقاصد، قانونی ذمہ داریوں، سابقہ کارکردگی اور مستقبل میں اس کی استعداد سے بھرپور استفادے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ قومی معیشت، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے ادارے کو مزید مؤثر کیسے بنایا جاسکتا ہے۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی سی ایس آئی آر کے ملک بھر میں 10 تحقیقی لیبارٹریز اور یونٹس جبکہ 7 تکنیکی تربیتی ادارے کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 12 نئی لیبارٹریاں بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

بریفنگ کے مطابق پی سی ایس آئی آر صنعتی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور کم لاگت تکنیکی حل فراہم کرتا ہے تاکہ ملکی صنعت کی پیداواری صلاحیت اور مصنوعات کا معیار بہتر بنایا جاسکے۔ ادارہ اب تک 12 ہزار سے زائد نوجوانوں کو فنی تربیت بھی فراہم کرچکا ہے۔

پی سی ایس آئی آر خوراک، زراعت، بائیوٹیکنالوجی، ادویات، ٹیکسٹائل، چمڑے، معدنیات، انجینئرنگ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق و ترقی کی سرگرمیاں انجام دیتا ہے۔

ادارے کی لیبارٹریز ملکی صنعتوں اور برآمد کنندگان کو مصنوعات کی جانچ، معیار کی تصدیق اور تکنیکی آلات کی پیمائش و درستی یعنی کیلیبریشن کی سہولیات بھی فراہم کرتی ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، خالد مگسی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.