کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں چھ منزلہ عمارت گرنے کے المناک واقعے کے بعد سندھ حکومت نے شہر بھر میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے، جبکہ ملبے سے ایک اور لاش برآمد ہونے کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
غیرقانونی تعمیرات کے خلاف جاری کارروائی کے دوران کراچی کے مختلف اضلاع میں 143 زیر تعمیر عمارتیں سیل کردی گئی ہیں۔ کمشنر کراچی حسن نقوی کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے شہر بھر میں غیرمجاز تعمیرات کی نشاندہی کے بعد یہ کارروائی کی۔
ضلع وار تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ 36 عمارتیں ضلع جنوبی میں سیل کی گئیں، جبکہ ضلع شرقی میں 35، ضلع وسطی میں 20، ضلع غربی میں 12، ملیر میں 7 اور کیماڑی میں 4 عمارتیں بند کی گئیں۔
کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ متعلقہ حکام نے ایڈمن سوسائٹی اور قریبی علاقوں میں غیرمجاز عمارتوں کے خلاف انہدامی کارروائی بھی شروع کردی ہے۔
دوسری جانب محکمہ بلدیات کے سیکریٹری نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت کی ہے کہ غیرقانونی تعمیراتی کام فوری طور پر بند کرائے جائیں، حتیٰ کہ ان مقامات پر بھی جہاں عدالت کی جانب سے حکم امتناع موجود ہو۔ متعلقہ قانونی مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق سرکاری منظوری کے بغیر یا منظور شدہ نقشوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی گئی عمارتوں کے خلاف انہدامی کارروائی شروع کی جائے گی۔ یہ اقدامات مقررہ ضابطہ کار کے تحت ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ کمیٹیوں کے تعاون سے کیے جائیں گے۔
ادھر بلوچ کالونی سے متصل ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والی لاش کی شناخت 17 سالہ محمد علی ولد محمد بلال کے نام سے ہوئی ہے۔ قانونی کارروائی کے لیے لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے دبے دیگر ممکنہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ امدادی ٹیمیں بھاری مشینری اور دستیاب وسائل کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور پھنسے ہوئے افراد تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہیں۔