تازہ ترین

معاشی مشکلات کے باعث بچیوں کو تعلیم یا شادی کے انتخاب سے محروم نہ کیا جائے، آصفہ بھٹو

0

خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے قوانین پر مؤثر عملدرآمد، شادیوں کے رجسٹریشن نظام کو مضبوط بنانے اور بچیوں کی تعلیم تک رسائی بہتر کرنے پر زور دیا ہے۔

کم عمری، ابتدائی اور جبری شادیوں کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادی بچوں، خصوصاً لڑکیوں کو تعلیم مکمل کرنے، اپنی زندگی کے بارے میں آزادانہ فیصلے کرنے اور صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے مواقع سے محروم کردیتی ہے۔ اس عمل سے صحت کے سنگین خطرات بھی پیدا ہوسکتے ہیں، جبکہ معاشی مواقع محدود ہونے کے ساتھ غربت اور عدم مساوات کا سلسلہ برقرار رہتا ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری کے مطابق پاکستان میں اس مسئلے کے خاتمے کے لیے قوانین پر سختی سے عملدرآمد، شادیوں کے اندراج کا مؤثر نظام، عوامی آگاہی اور تعلیم سمیت بنیادی سہولیات تک رسائی ضروری ہے۔ خاندانوں، معاشرے اور متعلقہ اداروں کو بھی بچوں کے تحفظ اور لڑکیوں کو تعلیم جاری رکھنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی مشکلات کا شکار خاندانوں کی مدد کی جانی چاہیے تاکہ بچیوں کو ایسے حالات میں تعلیم چھوڑنے یا شادی کرنے پر مجبور نہ ہونا پڑے جو ان کے اختیار سے باہر ہوں۔

خاتونِ اول نے سماجی تحفظ کے پروگراموں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے تحت قائم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے خاندانوں کی معاونت میں خواتین کو مرکزی حیثیت دی ہے۔ ان کے مطابق بینظیر تعلیمی وظائف جیسے پروگرام بچوں کے اسکولوں میں داخلے اور حاضری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور خاندانوں کو تعلیمی اخراجات پورے کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی میراث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے وژن میں عام شہریوں، خواتین اور محروم طبقات کے حقوق اور فلاح کو بنیادی اہمیت حاصل رہی ہے، جسے عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، والدین، اساتذہ، سماجی اداروں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے بچیوں کے لیے محفوظ ماحول، تعلیم اور معاون خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ ہر لڑکی اپنی تعلیم مکمل کرکے اعتماد کے ساتھ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.