تازہ ترین

پاکستان شاہینز کی فائنل میں دھماکے دار انٹری، بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے ہرادیا

0

پاکستان شاہینز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر آٹھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی، جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا۔

233 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز نے 46ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کرلی۔ حسن اور شاہ زیب کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 110 رنز کی شراکت نے ٹیم کو ابتدائی مشکلات سے نکالا۔

پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور ریپن مونڈول نے چوتھے اوور میں شمائل حسین کو 14 اور معاذ صداقت کو 6 رنز پر آؤٹ کرکے ٹیم کو 20 رنز پر دو وکٹوں کے نقصان سے دوچار کردیا۔

اس موقع پر حسن اور شاہ زیب نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔ حسن نے 91 گیندوں پر 62 رنز بنائے، جس میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے، جبکہ شاہ زیب نے 85 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 رنز اسکور کیے۔

ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد فرحان یوسف اور کپتان عبدالصمد نے 74 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ عبدالصمد نے 33 گیندوں پر چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے، جبکہ فرحان یوسف 39 گیندوں پر 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ وکٹ کیپر روہیل نذیر دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔ شہادت حسین نے 118 گیندوں پر 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں سات چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہید الاسلام انکون نے 42 اور ریپن مونڈول نے 19 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے سفیان مقیم نے 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا اور حسن نواز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ احمد دانیال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش کے لیے راکیبول حسن اور ریپن مونڈول نے دو، دو جبکہ محمد روبیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا، جس نے پہلے سیمی فائنل میں بھارت اے کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.