وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ریفرنڈم سے متعلق معاملہ آئین کے آرٹیکل 48 کے تحت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جاسکتا ہے، تاہم پارلیمنٹ میں آنے سے پہلے اس حوالے سے کی جانے والی باتیں محض مفروضے ہیں۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ ریفرنڈم ایک آئینی طریقہ کار ہے، جسے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے آئین کا حصہ بنایا تھا۔ ان کے مطابق عوام کی رائے جاننے کے لیے یہ ایک مؤثر ذریعہ ہے اور اس کے طریقہ کار میں تبدیلی کرکے الیکٹرانک طریقہ بھی اختیار کیا جاسکتا ہے۔
صوبوں کی تقسیم سے متعلق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں نئے صوبوں کے حوالے سے ان کے بیانات پر انہیں سخت تعجب ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے متعلق پنجاب اسمبلی کی قرارداد کی مدت پہلے ہی ختم ہوچکی ہے۔ مسلم لیگ (ن) مناسب وقت پر صوبوں سے متعلق اپنی پالیسی کا باضابطہ اعلان کرے گی اور اس معاملے میں کوئی جلدبازی نہیں کی جائے گی۔
بیرسٹر عقیل ملک نے واضح کیا کہ آئینی اور جمہوری معاملات کو مزاحمت کے بجائے مفاہمت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ان کی گرفتاری کی تردید کی اور کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیانات افسوسناک ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ ملکی حالات میں انہیں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔