تازہ ترین

پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی تحقیق اور اعلیٰ تعلیم میں تعاون بڑھانے کی تجویز

0

پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سائنسی تحقیق، تکنیکی جدت، اعلیٰ تعلیم اور نوجوانوں کے تبادلوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو علم اور تحقیق پر مبنی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس حوالے سے کراچی میں چین پاکستان یوتھ ڈائیلاگ کے عنوان سے ’’آہنی دوستی کو آگے بڑھانا، مشترکہ مستقبل کی تعمیر‘‘ کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس کا مشترکہ اہتمام اکنامک ڈپلومیسی فورم پاکستان اور کراچی میں چین کے قونصل جنرل نے کیا تھا۔

چینی قونصل خانے میں منعقدہ تقریب میں سفارت کاروں، سائنس دانوں، جامعات کے سربراہان، اساتذہ، طلبہ اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ معروف سائنس دان، سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بانی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ چین کے قائم مقام قونصل جنرل ڈاکٹر فینگ ڈیہینگ نے کلیدی خطاب کیا۔

استقبالیہ خطاب میں اکنامک ڈپلومیسی فورم کے بانی صدر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو آگے بڑھانے میں نوجوان نسل کو تعلیم، تحقیق، کاروبار اور جدت کے ذریعے مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں پر مشتمل وسیع شراکت داری میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ تاہم چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اگلے مرحلے میں تحقیق، تکنیکی ترقی اور انسانی وسائل کی صلاحیت بڑھانے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر فاروق افضل نے پاکستانی جامعات پر زور دیا کہ وہ چینی تعلیمی اداروں کے ساتھ مشترکہ تحقیقی منصوبوں، اساتذہ کے تبادلوں، طلبہ کی آمدورفت اور جدت پر مبنی شراکت داری کو فروغ دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مستقبل کے تعلقات صرف حکومتوں اور سفارت کاروں تک محدود نہیں رہ سکتے، بلکہ جامعات، محققین، کاروباری شخصیات، پیشہ ور افراد اور بالخصوص نوجوانوں کو بھی اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

چین کے قائم مقام قونصل جنرل ڈاکٹر فینگ ڈیہینگ نے کہا کہ تعلیمی تعاون دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے اور نوجوان پیشہ ور افراد کو ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 30 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ چین کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق سی پیک کنسورشیم آف یونیورسٹیز میں 93 پاکستانی اور 40 چینی جامعات شامل ہیں، جو تعلیمی تعاون، تحقیق اور طلبہ کے تبادلوں کو فروغ دے رہی ہیں۔

ڈاکٹر فینگ نے سندھ اور بلوچستان میں چینی قونصل خانے کے تعلیمی اقدامات کا بھی ذکر کیا، جن میں قونصل جنرل اسکالرشپ پروگرام، جامعہ کراچی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی معاونت اور چینی زبان کی تعلیم شامل ہیں۔

سی پیک ورژن 2.0 کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون جدید صنعت، زراعت، سائنسی تحقیق، ڈیجیٹل معیشت، ماحول دوست ترقی اور عوامی معیار زندگی بہتر بنانے کے منصوبوں تک پھیل رہا ہے۔ انہوں نے تعلیمی مواقع میں اضافے اور جامعات کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے چینی قونصل خانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

مہمان خصوصی ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے چین کے تجربات کی روشنی میں پاکستان کی ترقی کے لیے 20 نکاتی حکمت عملی پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنی معاشی ترجیحات میں تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کو بنیادی اہمیت دینی چاہیے۔

انہوں نے تحقیق کے لیے فنڈز میں اضافے، نجی شعبے کی تحقیق و ترقی کے لیے ٹیکس مراعات، ٹیکنالوجی کمپنیوں کو آسان مالی سہولیات، جدید ٹیکنالوجی زونز اور اعلیٰ تحقیقی لیبارٹریوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے مطابق پائیدار اور علم پر مبنی معیشت کی تعمیر کے لیے سائنسی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔

ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے نوجوانوں اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو دوطرفہ تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کے لیے اکٹھا کرنے پر منتظمین کی کوششوں کو بھی سراہا۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ ہیومینٹیز کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ زکی نے چینی زبان کی تعلیم اور تعلیمی شراکت داری کے فروغ کے لیے اپنے اداروں کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے چینی جامعات کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کا حوالہ دیتے ہوئے مشترکہ تحقیق اور طلبہ کے تبادلوں کو اہم پیش رفت قرار دیا۔

انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر طارق رحیم سومرو نے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے درمیان باقاعدہ روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خیالات کے تبادلے اور باہمی تفہیم کو فروغ مل سکے۔

سیمینار میں جامعہ کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ اور محمد علی جناح یونیورسٹی کے طلبہ نے شرکت کی، جبکہ چین کی سچوان نارمل یونیورسٹی کے تین طلبہ نے آن لائن شرکت کرکے اپنے تعلیمی تجربات بیان کیے اور طلبہ کے لیے دستیاب مواقع پر گفتگو کی۔

تقریب کے دوران سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں پاکستانی اور چینی طلبہ نے اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور مستقبل میں تعلیمی و سائنسی تعاون کے امکانات پر بات چیت کی۔

سیمینار کے اختتام پر مہمان خصوصی اور دیگر مقررین کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ اختتامی کلمات میں ڈاکٹر فاروق افضل نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام کے نتیجے میں چینی قونصل خانے، دونوں ممالک کی جامعات اور اکنامک ڈپلومیسی فورم کے درمیان مسلسل روابط اور تعاون کو فروغ ملے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.