تازہ ترین

پاکستان کی آٹو انڈسٹری کی ترقی جمود کا شکار، نئی پالیسی سے متعلق خدشات سامنے آگئے

0

پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری گزشتہ دو دہائیوں کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ صنعتی ماہرین کے مطابق معاشی عدم استحکام، صارفین کی کمزور قوت خرید، حکومتی پالیسیوں میں عدم تسلسل اور سستی فنانسنگ تک محدود رسائی اس شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔

پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ایسیسریز مینوفیکچررز (PAAPAM) کے چیئرمین عبدالرحمٰن اعجاز نے بزنس ریکارڈر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں 2005 کے دوران گاڑیوں کی فروخت ایک لاکھ 52 ہزار یونٹس تھی، جبکہ 2025 میں یہ تعداد ایک لاکھ 48 ہزار یونٹس رہی۔ ان کے مطابق 20 سال گزرنے کے باوجود فروخت میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ اس جمود کو صرف صنعت کی ناکامی قرار نہیں دیا جاسکتا، بلکہ بار بار پیدا ہونے والے معاشی بحرانوں، تیزی اور مندی کے ادوار اور پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال نے مینوفیکچررز کو اپنی پیداواری سرگرمیاں بڑھانے سے روکے رکھا۔

عبدالرحمٰن اعجاز کے مطابق آٹو انڈسٹری نے سالانہ 6 لاکھ گاڑیاں تیار کرنے کی پیداواری صلاحیت قائم کر رکھی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بنیادی مسئلہ رسد نہیں بلکہ ملک کے معاشی حالات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ براہ راست صارفین کی قوت خرید، مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو اور سستی آٹو فنانسنگ کی دستیابی سے منسلک ہے، تاہم گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ان تمام عوامل میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان مشکلات کے باوجود جاپانی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے بیشتر پرزوں کی مالیت کے اعتبار سے 50 سے 65 فیصد تک مقامی سطح پر تیاری ممکن بنائی جاچکی ہے۔ اس شعبے میں تقریباً 1200 آٹو پارٹس فراہم کرنے والے ادارے براہ راست 3 لاکھ افراد کو روزگار بھی فراہم کر رہے ہیں۔

آٹو پالیسی 2026-31 کے اعلان میں تاخیر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پیداواری صلاحیت، مقامی صنعت اور کاروباری لاگت بہتر بنانے کے بجائے ٹیکس، ڈیوٹیز اور سیلز ٹیکس میں کمی کے ذریعے گاڑیوں کو سستا کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اس حکمت عملی سے گاڑیاں اسمبل کرنے والی کمپنیوں کی مقامی طور پر تیار کردہ پرزوں کی خریداری متاثر ہوسکتی ہے اور پرزوں سمیت مکمل تیار شدہ نئی اور استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدات میں اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر مزید دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے۔

ان کے مطابق حکومت جاپانی، کوریائی اور چینی کار ساز کمپنیوں کے مفادات میں توازن پیدا کرنے کے ساتھ الیکٹرک گاڑیوں کی جانب منتقلی کے معاملے کو بھی مدنظر رکھ رہی ہے۔

عبدالرحمٰن اعجاز نے کہا کہ آٹو پالیسی کا بنیادی مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی آبادی 25 کروڑ 50 لاکھ ہے، جس میں 65 فیصد افراد کی عمر 35 سال سے کم جبکہ 45 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کے ڈائریکٹر جنرل رازی الرحمٰن نے بھی صنعت کی کارکردگی کو جمود کا شکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتوں کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی مختلف پالیسیوں کے مطلوبہ نتائج سامنے نہیں آسکے۔

انہوں نے بتایا کہ آٹو انڈسٹری ڈویلپمنٹ پروگرام 2007-12 کے تحت مالی سال 2005-06 میں کاروں اور ہلکی کمرشل گاڑیوں کی پیداوار ایک لاکھ 92 ہزار 695 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ پروگرام کے اختتام تک اسے 5 لاکھ یونٹس تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔

تاہم ہدف کے مطابق سال میں پیداوار صرف ایک لاکھ 75 ہزار 635 یونٹس تک پہنچ سکی۔ ان کے مطابق مالی سال 2025-26 کے جولائی سے مارچ کے دوران کاروں اور ہلکی کمرشل گاڑیوں کی پیداوار ایک لاکھ 78 ہزار 763 یونٹس رہی۔

رازی الرحمٰن کا کہنا تھا کہ سخت حکومتی پالیسیوں کے تحت کام کرنے والی صنعت کی یہ کارکردگی حکومتی انتظامی حکمت عملی کی ناکامی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے نئی پالیسی متعارف کرانے سے پہلے گزشتہ برسوں میں صنعت کے انتظام اور پالیسیوں کا جامع جائزہ لینے پر زور دیا۔

ان کے مطابق ماضی کی خامیوں کی نشاندہی اور مستقبل کی حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار ایک ہی طریقہ اختیار کرنے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوئے، جبکہ اب 16 کمپنیاں ایک ہی مارکیٹ میں مقابلہ کر رہی ہیں، جس سے ہر کمپنی کا فروخت کا حجم کم اور مقامی سطح پر سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی متاثر ہو رہی ہے۔

رازی الرحمٰن نے گیلپ کے ایک سروے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے صرف 6 سے 7 فیصد گھرانوں کے پاس چار پہیوں والی گاڑی ہے، جبکہ تقریباً 53 فیصد گھرانے موٹر سائیکل رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق ہر ایک ہزار افراد میں سے صرف تقریباً 11 افراد گاڑی خریدنے کی استطاعت رکھتے ہیں۔

آئندہ آٹو پالیسی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار نے جون 2026 میں آخری مرتبہ صنعتی شعبے کے متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی تھی، جس کے بعد کوئی بڑی مشاورت نہیں ہوئی۔

انہوں نے پالیسی کے اعلان میں تاخیر کی ایک وجہ مجوزہ پالیسی کی پاکستان کے جاری بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام سے مطابقت پر تحفظات کو قرار دیا۔

رازی الرحمٰن کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ پالیسی میں برآمدات کی لازمی شرائط اور کم از کم مقامی ویلیو ایڈیشن سمیت بعض تجاویز پر آئی ایم ایف نے اعتراضات اٹھائے ہیں، کیونکہ انہیں غیر منصفانہ تجارتی طریقوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو آئی ایم ایف کی منظوری حاصل کرنے سے پہلے ان تحفظات کو دور کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومتی اعلیٰ سطح پر بھی ان تجاویز کے حوالے سے تحفظات موجود ہیں اور اعتراضات حل کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.