کراچی میں زیر تعمیر عمارت کے منہدم ہونے کے افسوس ناک واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 6 ہوگئی ہے، جبکہ 14 افراد زخمی اور 13 تاحال لاپتا ہیں۔ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے مزید دو لاشیں نکال لی گئی ہیں، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ حکام کے مطابق دیگر افراد کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں میں غیر معمولی احتیاط برتی جا رہی ہے اور ہیوی مشینری کے بجائے دستی طریقے سے ملبہ ہٹانے اور تلاش پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق بھاری مشینری استعمال کرنے سے ملبے تلے موجود لاشوں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ عمارت کے باقی ماندہ ڈھانچے کے مزید منہدم ہونے کا خدشہ بھی ہے۔ اسی لیے سرچ آپریشن کے دوران ملبے کو احتیاط سے ہٹایا جا رہا ہے تاکہ ممکنہ طور پر زندہ افراد تک رسائی حاصل کی جا سکے۔
واضح رہے کہ کراچی میں بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر ہونے والی چھ منزلہ عمارت کی بالائی منزلیں اچانک منہدم ہوگئی تھیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت گرنے سے کچھ دیر قبل ہلنا شروع ہوگئی تھی۔ حادثے کے وقت مزدور پانچویں منزل پر کام کر رہے تھے کہ اچانک دھماکے جیسی زوردار آواز کے ساتھ عمارت منہدم ہوگئی اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔