تازہ ترین

وزیراعلیٰ بلوچستان کا بڑا فیصلہ، پی سی ایس امتحان میں شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر چھ کرنے کی منظوری

0

بلوچستان کے نوجوانوں کو مقابلے کے امتحانات میں زیادہ مواقع فراہم کرنے اور سرکاری بھرتیوں کے نظام کو جدید و شفاف بنانے کے لیے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں اہم اصلاحات کی منظوری دے دی ہے۔ نئے فیصلے کے تحت پی سی ایس امتحان میں امیدواروں کی شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر چھ کر دیے گئے ہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹیسٹنگ سسٹم اور کمپیوٹرائزڈ امتحانی نظام متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان فیصلوں کا اعلان وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں امتحانی طریقہ کار کو شفاف، مؤثر اور تیز رفتار بنانے کے ساتھ اسے جدید عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں پبلک سروس کمیشن کے امتحانی مراکز قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی، تاکہ مقامی امیدواروں کو اپنے علاقوں کے قریب مقابلے کے امتحانات میں شرکت کی سہولت حاصل ہو اور انہیں سفر سمیت دیگر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

امتحانی عمل کو تیز کرنے کے لیے یہ بھی طے پایا کہ بیوٹمز اور دیگر جامعات ہفتہ وار تعطیلات کے دوران مقابلے کے امتحانات کے انعقاد کے لیے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو امتحانی ہال بلا معاوضہ فراہم کریں گی۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو مقابلے کے امتحانات میں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر کوئی نوجوان محنت کرکے خود کو امتحان کے لیے تیار کرتا ہے تو اسے قواعد و ضوابط کے ذریعے مواقع سے محروم کیوں رکھا جائے؟ اسی سوچ کے تحت پی سی ایس امتحان میں شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر چھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی ایس کے ذریعے منتخب ہونے والے افسران صوبائی انتظامیہ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اس لیے سول سروس میں زیادہ اہل، باصلاحیت اور جدت پسند افراد کی شمولیت کے لیے انتخابی عمل کو مزید مؤثر بنانا ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی سی ایس امتحانات کو ٹوفل (TOEFL) اور جی آر ای (GRE) کے جدید امتحانی معیار کی طرز پر منعقد کرنے کے امکانات کو عملی شکل دی جائے اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرایا جائے۔

انہوں نے امتحانی نظام کو پیپر لیس اور کمپیوٹرائزڈ بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روایتی طریقہ کار کی جگہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے، تاکہ امتحانات کے انعقاد، جانچ پڑتال اور نتائج کی تیاری میں شفافیت اور رفتار یقینی بنائی جا سکے۔

میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو ہدایت کی کہ امتحان کے انعقاد سے لے کر نتائج کے اعلان تک تمام مراحل زیادہ سے زیادہ تین ماہ میں مکمل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محنتی نوجوانوں کو امتحانی نتائج کے لیے مہینوں انتظار نہیں کرنا چاہیے، غیر ضروری تاخیر ختم کرکے امیدواروں کو بروقت نتائج فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ اہل نوجوان جلد صوبائی انتظامی ڈھانچے کا حصہ بن سکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مقامی سطح پر امتحانی مراکز کے قیام سے دور دراز علاقوں کے امیدواروں کو سفری مشکلات سے نجات ملے گی اور انہیں اپنے علاقوں میں مسابقت کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔ صوبائی حکومت امتحانی نظام کی بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میرٹ کی بالادستی، شفاف انتخاب اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط بنایا جائے گا۔ بلوچستان میں سرکاری بھرتیوں کا نظام اس انداز میں استوار کیا جائے گا کہ ہر اہل امیدوار کو اپنی قابلیت اور محنت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا مساوی موقع مل سکے۔

اجلاس کے آغاز میں چیئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن جسٹس (ریٹائرڈ) کیلاش ناتھ کوہلی نے ادارے کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین سال سے زیر التوا ہزاروں کیسز چند ماہ کے مختصر عرصے میں نمٹا دیے گئے ہیں اور اب کمیشن میں کوئی کیس زیر التوا نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے زیر التوا کیسز نمٹانے پر کمیشن کی کارکردگی کو سراہا اور اصلاحات کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، چیئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن جسٹس (ریٹائرڈ) کیلاش ناتھ کوہلی، کمیشن کے اراکین عبدالصبور کاکڑ اور غلام علی بلوچ، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند، اسپیشل سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ حبیب الرحمن اور ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون خان نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.