آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم جنوری میں پہلی بار پاکستان میں ون ڈے سیریز کھیلے گی
آئرلینڈ کی مردوں کی کرکٹ ٹیم جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی، جہاں وہ پہلی مرتبہ پاکستانی سرزمین پر تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ یہ سیریز آئرلینڈ کی آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائرز کی تیاریوں کا حصہ ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو دورے کے شیڈول کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آئرلینڈ کی ٹیم 9 جنوری کو لاہور پہنچے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز 20، 22 اور 24 جنوری کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
بین الاقوامی سیریز سے قبل آئرلینڈ کی ٹیم پاکستان شاہینز کے خلاف بھی تین میچز کھیلے گی۔ یہ مقابلے 13 سے 17 جنوری تک لاہور میں ہوں گے۔ پاکستان شاہینز ملک کی دوسری قومی کرکٹ ٹیم کی حیثیت سے بین الاقوامی ٹیموں کے خلاف مقابلے کرتی ہے۔
آئرلینڈ نے ابتدائی طور پر گزشتہ سال اگست میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا، جس میں ٹیسٹ اور ون ڈے میچز شامل تھے، تاہم پاکستان کے مصروف بین الاقوامی کرکٹ شیڈول کے باعث دورہ ملتوی کر دیا گیا۔ بعد ازاں پی سی بی اور کرکٹ آئرلینڈ نے محدود اوورز کی سیریز منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔
نئے شیڈول کے تحت دورہ مکمل طور پر 50 اوورز کے فارمیٹ تک محدود رکھا گیا ہے۔ دونوں کرکٹ بورڈز نے آئرلینڈ کی آئندہ سال کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کو ترجیح دی ہے۔ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے۔
آئرلینڈ کو ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے 10 ٹیموں پر مشتمل کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں حصہ لینا ہوگا، جو 26 فروری سے 21 مارچ تک جنوبی افریقہ اور نمیبیا میں منعقد ہوگا۔ پاکستان کا جنوری میں ہونے والا دورہ آئرلینڈ کی تیاریوں کا اہم حصہ ہوگا۔