تشدد میں ملوث عناصر کا قانونی احتساب ضروری ہے، صوبائی مشیر برائے ترقی نسواں
صوبائی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین اور بچیوں کے خلاف صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام، متاثرین کو انصاف اور تحفظ کی فراہمی اور ذمہ دار عناصر کا احتساب ایک محفوظ اور منصفانہ معاشرے کے قیام کے لیے ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے 16 روزہ عالمی مہم 2026 کے آغاز کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام محکمہ ترقی نسواں بلوچستان نے اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے)، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور ایوا جی الائنس کے اشتراک سے کیا۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد محض کسی ایک فرد یا خاندان کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک سنگین سماجی چیلنج ہے۔ اس کے خاتمے کے لیے مؤثر قانون سازی، قوانین پر عمل درآمد، ادارہ جاتی تعاون اور عوامی شعور میں اضافہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تشدد کا شکار خواتین کو خوف، دباؤ اور سماجی بدنامی کے بجائے تحفظ، اعتماد اور انصاف کا ماحول فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ متاثرہ خواتین کی عزتِ نفس اور رازداری برقرار رکھتے ہوئے انہیں قانونی معاونت، نفسیاتی رہنمائی اور ضروری سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔
صوبائی مشیر نے زور دیا کہ تشدد میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا اور سزا دلوانا ضروری ہے تاکہ معاشرے میں عدم برداشت اور تشدد کے رجحانات کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال 16 روزہ عالمی مہم کا مرکزی پیغام خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے اتحاد، متاثرین کو انصاف اور تحفظ کی فراہمی اور ذمہ دار عناصر کا قانونی احتساب یقینی بنانا ہے۔ یہ مہم محض آگاہی سرگرمی نہیں بلکہ خواتین اور بچیوں کے تحفظ کے لیے اجتماعی عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا کہنا تھا کہ خواتین کے خلاف کسی بھی نوعیت کا تشدد ناقابلِ قبول ہے اور متاثرین کو خاموش رہنے کے بجائے بلا خوف انصاف کے حصول کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، محفوظ ماحول کی فراہمی اور صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
تقریب سے سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں شیر شاہ غلزئی، یو این ڈی پی بلوچستان کے سربراہ ذوالفقار درانی، یو این ایف پی اے بلوچستان کی سربراہ سعدیہ عطاء، ایف ڈی آئی پاکستان کی سربراہ عظمیٰ یعقوب اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
تقریب کے اختتام پر صوبائی مشیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے سماجی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔