وزیراعظم کے مشیر اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے کہا ہے کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تحت 17 ٹرانزیکشنز پر کام جاری ہے، جن میں 9 بجلی تقسیم کار کمپنیاں اور 3 بڑے ایئرپورٹس بھی شامل ہیں۔
کراچی میں سی ایف اے انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی نے بتایا کہ فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی نجکاری کے لیے بولی 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے درخواستِ تجویز (آر ایف پی) آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے۔ حکومت کا کردار کاروبار کرنا نہیں بلکہ نجی شعبے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے پی آئی اے اور فرسٹ ویمن بینک کی کامیاب نجکاری کو پیچیدہ معاملات کی تکمیل میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد، سکھر موٹروے کے دونوں حصوں میں تقریباً 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جبکہ 25 سالہ کنسیشن کے تحت نجی شعبے کو سرمایہ کاری کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
محمد علی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے شفاف طریقہ کار، مستحکم قوانین اور معاہدوں کی پاسداری ضروری ہے۔ توانائی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کے بغیر پاکستانی کاروبار عالمی منڈیوں میں مؤثر مقابلہ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت کے درست کردار کا تعین، سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ اور کاروباری مسابقت کو بہتر بنانا ضروری ہے۔