جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی کال کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں کارکنوں نے شاہراہیں اور موٹرویز بند کر دیں، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جماعت نے پورا ملک بند کرنے کی اپیل کی ہے اور تین صوبوں میں مکمل پہیہ جام ہوگا۔ ان کا الزام تھا کہ احتجاج کی اجازت نہیں دی جا رہی اور قانون و آئین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث مختلف مقامات پر قومی شاہراہیں بند ہیں، جبکہ موٹروے ایم ٹو پر شمال کی جانب جانے والی ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں (ایچ ٹی وی) کا داخلہ بھی بعض ٹول پلازوں سے تاحکمِ ثانی روک دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے ابتدا میں بھیرہ کے مقام پر بھی سڑک بند ہونے کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ مذکورہ سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق قومی شاہراہ این 55 پر لاڑکانہ کے قریب، این 25 پر قلات میں مغلزئی چوک کے نزدیک، این 50 پر بوستان کراس اور خانوزئی گرڈ اسٹیشن کے مقام پر، جبکہ این 5 پر نوشہرو فیروز بائی پاس اور کنڈیارو کے قریب احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم ٹو پر چکری نارتھ، کیپیٹل اسمارٹ سٹی، ٹھلیاں، بلکسر، نیلہ اور کلر کہار ٹول پلازوں سے شمال کی جانب ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے میڈیا سیل کے مطابق پارٹی قیادت کی ہدایت پر مختلف شہروں اور مقامات پر کارکنوں نے اہم شاہراہیں بند کر دی ہیں۔
کراچی میں جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد سومرو نے سہراب گوٹھ، ایم نائن موٹروے، نیشنل ہائی وے ملیر اور حب ریور روڈ سمیت اہم شاہراہیں فوری بند کرنے کا اعلان کیا۔ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کراچی کے تمام اضلاع کے کارکنوں اور شہریوں سے ہائی ویز اور سڑکیں بند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کارکن ہمت کریں اور پورا سندھ بند ہونا چاہیے۔
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں جے یو آئی کارکنوں نے سپر ہائی وے بند کر دی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جے یو آئی (ف) کے مطابق پشاور میں کارکنوں نے احتجاجاً ایم ون موٹروے ٹول پلازہ بند کر دیا، جس کے بعد موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی اور دونوں اطراف آمدورفت معطل ہو گئی۔ کارکنوں نے اسلام آباد موٹروے پر پشاور ٹول پلازہ کے مقام پر بھی راستہ بند کیا۔
پارٹی کے مطابق کوہاٹ میں ڈھوڈہ چوک کے مقام پر انڈس ہائی وے بند کر دی گئی، جبکہ چشمہ کے مقام پر میانوالی اور کنڈل جانے والی دونوں شاہراہوں پر بھی ٹریفک روک دی گئی۔
جے یو آئی (ف) نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنے کے باعث آمدورفت معطل ہوئی، جبکہ حب میں بھوانی کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔
پارٹی کے مطابق کوئٹہ میں سبی روڈ بھی بند کر دی گئی، جبکہ لاڑکانہ بائی پاس کے مقام پر انڈس ہائی وے پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دی گئی۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو ملک بھر میں احتجاج کرتے ہوئے راستے اور اہم شاہراہیں بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے اس احتجاج کی وجہ سرگودھا میں جے یو آئی (ف) کی مجوزہ کانفرنس کے انعقاد میں مبینہ حکومتی رکاوٹوں کو قرار دیا تھا۔