ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 2 روپے 88 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، جبکہ حکومت نے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کو محدود رکھنے اور تین ماہ کے لیے قیمتوں میں استحکام لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق اکتوبر تا دسمبر فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کو 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تین ماہ کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ مقرر کرنے سے صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال سے تحفظ ملے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ حکومت نے مارچ 2024 میں اقتدار سنبھالا تو بجلی کا قومی اوسط ٹیرف 53 روپے 4 پیسے فی یونٹ تھا، جو مارچ 2026 تک کم ہو کر 44 روپے 28 پیسے رہ گیا۔ اس طرح قومی اوسط ٹیرف میں 8 روپے 76 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی۔
ان کے مطابق صنعتی بجلی کا ٹیرف بھی 62 روپے 99 پیسے سے کم ہو کر 44 روپے 50 پیسے فی یونٹ ہو گیا، جبکہ مارچ 2024 سے مارچ 2026 کے دوران صنعتی بجلی کے نرخوں میں 18 روپے 49 پیسے فی یونٹ کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم اپریل سے ستمبر 2026 تک صارفین کو فی یونٹ 6 سے 7 روپے کے اضافی بوجھ سے بچایا گیا۔ اس عرصے میں فیول اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اوسط اضافہ 2 روپے 38 پیسے فی یونٹ رہا۔
ترجمان کے مطابق سردیوں میں پن بجلی کی پیداوار کم ہونے کے باعث تھرمل بجلی پر انحصار بڑھ جاتا ہے اور بعض سرد مہینوں میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں تھرمل ایندھن کا حصہ 80 فیصد سے بھی تجاوز کر جاتا ہے۔
پاور ڈویژن نے فیول ایڈجسٹمنٹ کا نیا فارورڈ لکنگ میکنزم بھی تجویز کیا ہے۔ اس کی منظوری کے بعد نیپرا کو نئے نظام سے متعلق پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔
دوسری جانب سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے نیپرا میں درخواست جمع کرا دی ہے، جس میں بجلی کی پیداواری لاگت بڑھنے کے باعث صارفین کے لیے فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سی پی پی اے کے مطابق اکتوبر میں ہائی اسپیڈ ڈیزل سے بجلی کی پیداواری لاگت 69 روپے 59 پیسے فی یونٹ، فرنس آئل سے 46 روپے 43 پیسے جبکہ ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 28 روپے 74 پیسے فی یونٹ رہی۔
بجلی کی پیداوار میں مختلف ذرائع کے حصے سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں پن بجلی کا حصہ 30.7 فیصد سے کم ہو کر 26.2 فیصد رہ گیا، جبکہ مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 14.8 فیصد سے کم ہو کر 12.7 فیصد ہو گیا۔
اس کے برعکس درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 11.4 فیصد سے بڑھ کر 14.6 فیصد ہو گیا۔ فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار میں 140.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گیس سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 8.3 فیصد سے بڑھ کر 10.1 فیصد ہو گیا۔
آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار میں 47.9 فیصد کمی ہوئی، جبکہ نیوکلیئر بجلی کا حصہ 16.8 فیصد سے بڑھ کر 19.5 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ونڈ پاور سے بجلی کی پیداوار میں 80.5 فیصد اور سولر بجلی کی پیداوار میں 74.8 فیصد اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق ایرانی بجلی کی درآمد کا حصہ بھی 0.4 فیصد سے بڑھ کر 0.5 فیصد ہو گیا۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں مجموعی بجلی کی پیداوار 10.66 ارب کلوواٹ رہی، جبکہ نومبر میں یہ پیداوار 10.74 ارب کلوواٹ ریکارڈ کی گئی۔ اس طرح ماہانہ بنیادوں پر بجلی کی مجموعی پیداوار میں 0.82 فیصد اضافہ ہوا۔