تازہ ترین

وزیراعظم کا قیمتی پتھروں کے شعبے میں عالمی معیار کی لیبارٹریاں قائم کرنے کا حکم

0

پاکستان کے قیمتی پتھروں کے شعبے میں موجود وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانے اور برآمدات میں اضافہ کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے جامع اصلاحات کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے عالمی معیار کی لیبارٹریوں کے قیام، کان کنی کے جدید طریقوں اور پیشہ ورانہ تربیت کو شعبے کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔

وزیراعظم نے قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قیمتی پتھروں کی شناخت اور تصدیق کے لیے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ لیبارٹریاں قائم کی جائیں۔

انہوں نے پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو قیمتی پتھروں کی پروسیسنگ کی خصوصی تربیت کے لیے سری لنکا اور تھائی لینڈ بھیجنے کی ہدایت بھی کی، جبکہ سیکریٹری خارجہ کو ان ممالک میں پاکستانی سفیروں کے ذریعے مکمل تعاون یقینی بنانے کا کہا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم فرسودہ طریقہ کار کے باعث قیمتی وسائل ضائع ہو رہے ہیں۔ حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے اور کان کنی و پروسیسنگ میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں صنعت کی مکمل ویلیو چین قائم کرنے کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور ان کی ٹیم، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور دیگر حکام کی اصلاحات اور مراکزِ مہارت کے قیام کی کوششوں کو سراہا۔

قیمتی پتھروں کے 30 کروڑ قیراط ذخائر

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کے ذخائر کا تخمینہ تقریباً 30 کروڑ قیراط ہے، جبکہ 9 ہزار سے زائد کان کن 30 سے زیادہ اقسام کے قیمتی پتھروں کی کان کنی میں مصروف ہیں۔

اس شعبے سے منسلک کاروباروں کی تعداد 5 ہزار 500 سے زیادہ ہے، تاہم خام پتھروں کی برآمد، کان کنی کے دوران 50 فیصد سے زائد نقصانات، جدید تکنیکی مہارتوں کی کمی اور ویلیو ایڈیشن کی محدود سہولتیں اس کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔

حکام کے مطابق ان مسائل کے حل اور شعبے کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

4 ارب 10 کروڑ روپے کا منصوبہ اور نئی پالیسی

اجلاس کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں سہولت مراکز کے قیام کے لیے 4 ارب 10 کروڑ روپے کا منصوبہ جاری ہے۔ دیگر اقدامات میں 80 بینکنگ سہولت ڈیسک، جیولوجیکل میپنگ، تربیتی مراکز کی بحالی اور بین الاقوامی تعاون شامل ہیں۔

حکام کے مطابق نیشنل جیم اسٹون پالیسی 2026-2030 پر عمل درآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ مجوزہ اصلاحات میں آزاد ریگولیٹری نظام، قومی سرٹیفکیشن اور وارنٹی سسٹم کا قیام، خام قیمتی پتھروں کی برآمد پر پابندی اور درآمدی مشینری پر ٹیکس و کسٹمز ڈیوٹی میں چھوٹ شامل ہے۔

حکمت عملی کے تحت جدید تکنیکی تربیت، مقامی منڈیوں کی ترقی اور نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کے ذریعے کان کنی سے لے کر پروسیسنگ اور تیار مصنوعات تک مربوط ویلیو چین قائم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، جام کمال خان، احسن خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.