تازہ ترین

مریم نواز کا اگلے 5 سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا اعلان

0

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت آئندہ 5 سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی ہدایت پر پروگرام کا ابتدائی ہدف 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کردیا گیا ہے۔

ملتان اسٹیڈیم میں پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ تقریب میں تقریباً 25 ہزار گھر مالکان شریک تھے۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کرائے کے گھروں سے نکل کر اپنی ملکیت کے گھروں میں منتقل ہونے والے خاندانوں کو مبارک باد دی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار گھر مکمل کیے جاچکے ہیں، جبکہ یہ تعداد ڈیڑھ لاکھ کے قریب پہنچ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ 10 بڑے اسٹیڈیم بھی انہیں سمیٹنے کے لیے کافی نہیں ہوں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ جنوبی پنجاب میں محض وعدہ دہرانے نہیں بلکہ عوام کو یہ بتانے آئی ہیں کہ حکومت اپنا وعدہ پورا کرچکی ہے۔ ان کے مطابق ہزاروں خاندان 2026 کا موسم سرما اپنے ذاتی گھروں کے صحن میں گزاریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تقریب میں شریک کئی خاندان پہلے اپنی آمدن کا تقریباً نصف حصہ کرائے کی ادائیگی پر خرچ کرتے تھے، لیکن اب وہی رقم اپنے گھر اور خاندان کی ضروریات بہتر بنانے پر استعمال کرسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستفید ہونے والے خاندانوں کی ماہانہ اقساط ان کے سابقہ گھروں کے کرائے سے بھی کم ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کو نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ پاکستان اور ایشیا کا بڑا کم لاگت رہائشی منصوبہ قرار دیا۔ ان کے مطابق آذربائیجان، مسقط اور اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ نے بھی اس منصوبے کو کم لاگت رہائش کے ماڈل کے طور پر تسلیم کیا ہے۔

مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ پروگرام میں شامل ڈھائی لاکھ خاندانوں میں سے کسی ایک نے بھی ادائیگیوں میں نادہندگی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں خاندان روزانہ کرائے کے گھروں سے نکل کر اپنی ذاتی رہائش میں منتقل ہو رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ آئندہ ڈھائی سال کے دوران پروگرام کے تحت ہزاروں مزید گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے منصوبے میں کردار ادا کرنے پر مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ و شہری ترقی بلال یاسین، سیکریٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل، سابق سیکریٹری کیپٹن اسد، پی ایچ اے ٹی اے کے ذیشان سکندر، بینک آف پنجاب، اس کے صدر ظفر مسعود اور اخوت کے محمد نواز شریف سمیت متعلقہ اداروں اور شخصیات کی خدمات کو سراہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.