عالمی حصص بازاروں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نومبر 2026 کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے منتخب عالمی مارکیٹوں میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی۔ پاکستانی کرنسی میں مارکیٹ کی ماہانہ بنیادوں پر قدر میں 7.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوم برگ کے 25 نومبر تک مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے کئی بڑی عالمی منڈیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ نومبر کے دوران بھارت کی اسٹاک مارکیٹ 12.6 فیصد اضافے کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی، جبکہ دبئی کی مارکیٹ میں 10.2 فیصد اور قطر کی مارکیٹ میں 9.8 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان 7.3 فیصد اضافے کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا، جبکہ سری لنکا کی اسٹاک مارکیٹ نے 5.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔
اس کے برعکس ایشیا کی کئی بڑی اسٹاک مارکیٹوں کو نمایاں مندی کا سامنا کرنا پڑا۔ جنوبی کوریا کی مارکیٹ میں 17.5 فیصد، تائیوان میں 16 فیصد، جاپان میں 10.2 فیصد اور سنگاپور میں 8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سلوواکیہ کی اسٹاک مارکیٹ بھی 7.1 فیصد تنزلی کا شکار ہوئی۔
نومبر کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ مثبت زون میں رہی۔ مہینے کے ابتدائی حصے میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کے باعث تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔
13 نومبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 987.19 پوائنٹس یعنی 2.3 فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 77 ہزار 873.88 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں تیزی کی اہم وجوہات میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی مضبوط آمد شامل تھیں، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت ملی۔
تاہم ملکی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث تیزی کا یہ رجحان مسلسل برقرار نہ رہ سکا۔ 20 نومبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں کے ایس ای 100 انڈیکس معمولی کمی کے ساتھ بند ہوا۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مجوزہ ریفرنڈم کے معاملے پر پیدا ہونے والی سیاسی غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا، جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات زائل ہوگئے۔
اس کے بعد بھی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہا، تاہم 25 نومبر کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں وسیع پیمانے پر تیزی دیکھی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار 68.42 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ محدود دائرے میں اتار چڑھاؤ کا شکار رہ سکتی ہے۔ ان کے نزدیک عالمی جغرافیائی و سیاسی صورتحال اور بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں سرمایہ کاروں کے رجحانات اور مارکیٹ کی سمت کا تعین کرنے والے اہم عوامل ہوں گی۔