تازہ ترین

امریکی فضائیہ کا اہم کلاؤڈ سسٹم ہیک، حساس فوجی معلومات متاثر ہونے کا خدشہ

0

امریکی فضائیہ کے اہم ڈیجیٹل نظام کلاؤڈ ون کو سائبر حملے میں نشانہ بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد حساس فوجی معلومات اور آپریشنل ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس حملے کا پتا گزشتہ ایک ماہ کے دوران سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لیے کی جانے والی معمول کی کارروائی کے دوران چلا۔ واقعے سے آگاہ دو افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس پیش رفت کی تصدیق کی۔

تاحال ہیکرز کی شناخت سامنے نہیں آسکی اور نہ ہی یہ واضح ہوسکا ہے کہ سسٹم کا کون سا ڈیٹا متاثر ہوا یا کوئی حساس معلومات چوری کی گئی ہیں۔

امریکی فضائیہ نے رائٹرز کو جاری بیان میں کہا کہ وہ مخصوص نیٹ ورکس اور سسٹمز کی سیکیورٹی، ممکنہ کمزوریوں یا آپریشنل صورتحال پر تبصرہ نہیں کرتی۔ تاہم محکمہ فضائیہ کی معلومات، سسٹمز اور آپریشنل صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کیے جاتے ہیں۔

کلاؤڈ ون امریکی فضائیہ کا بنیادی کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ہے، جو مائیکروسافٹ، اوریکل، ایمازون اور الفابیٹ کی کلاؤڈ سہولیات کو یکجا کرکے آئی ٹی آپریشنز چلاتا ہے۔

اس پلیٹ فارم کے ذریعے فوجی اہلکاروں کے ڈیٹا، لاجسٹکس، مواصلاتی نظام اور آلات کی دیکھ بھال سے متعلق امور کا انتظام کیا جاتا ہے۔

سائبر حملے کی مکمل نوعیت اور اس کے ممکنہ اثرات کی تفصیلات سامنے نہ آنے کے باعث امریکی فضائیہ کے اس اہم ڈیجیٹل نظام کی سیکیورٹی سے متعلق سوالات اٹھ رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.