بلوچستان میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فورسز نے کارروائی کی۔ اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، تاکہ وہاں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کا سراغ لگایا جاسکے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔