بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے، جہاں ایئرپورٹ پر سندھ حکومت اور اسمبلی حکام نے ان کا استقبال کیا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کی جانب سے صوبائی وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی، اراکین اسمبلی جام شبیر علی خان اور محمد یوسف بلوچ نے مہمان وفد کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق، اسپیشل سیکریٹری سید حسن علی شاہ اور ڈائریکٹر جنرل عرفان احمد بھی موجود تھے۔
بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی دعوت پر چھ روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آیا ہے۔ وفد اسلام آباد اور لاہور میں اپنی سرکاری مصروفیات مکمل کرنے کے بعد دورے کے اگلے مرحلے میں کراچی پہنچا ہے۔
کراچی میں قیام کے دوران وفد مزار قائد پر حاضری دے گا اور پھولوں کی چادر چڑھائے گا۔ اس کے علاوہ وفد کا سندھ اسمبلی کا دورہ بھی طے ہے، جہاں پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے دوران بنگلہ دیشی وفد کی صوبائی قیادت اور کاروباری برادری کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جن میں تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ پر گفتگو ہوگی۔
اس دورے کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پارلیمانی، اقتصادی اور ادارہ جاتی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنا اور دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔