پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے کھلاڑیوں کی باجماعت نماز، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل سے قبل پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے مسلمان کھلاڑیوں اور اسٹاف ارکان نے ایک ساتھ نماز جمعہ ادا کرکے مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا۔
یہ منظر 27 نومبر کو ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کے آغاز سے قبل دیکھنے میں آیا، جہاں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک ہی صف میں کھڑے ہوکر باجماعت نماز ادا کی۔ اس موقع کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئیں اور کرکٹ شائقین کی جانب سے اس عمل کو سراہا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میدان میں سخت مقابلہ ہوا، جس میں پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 232 رنز بنائے، جس میں شہادت حسین کے ناقابل شکست 103 رنز شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے تین جبکہ علی رضا اور حسن نواز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان شاہینز نے 233 رنز کا ہدف 28 گیندیں قبل پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
حسن نواز نے 62، شاہ زیب خان نے 50، کپتان عبدالصمد نے 44 اور فرحان یوسف نے ناقابل شکست 46 رنز بنائے۔ فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا۔