تازہ ترین

کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے قومی فریم ورک کا آغاز، شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر

0

اسلام آباد: پاکستان میں کم عمری کی شادیوں کے خاتمے اور بالخصوص لڑکیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قومی فریم ورک متعارف کرا دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اس اقدام کو بچوں کو کم عمری کی شادی کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کے حکومتی عزم کا حصہ قرار دیا ہے۔

قومی فریم ورک کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون لازمی نوعیت کا حامل ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے بتایا کہ قانون پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے شادیوں کے اندراج کا نظام مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ کم از کم عمر کی حد 18 سال پر عملدرآمد کے لیے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے رجسٹریشن کے طریقہ کار کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کم عمری کی شادی لڑکیوں کو تعلیم، صحت اور ذاتی نشوونما کے اہم مواقع سے محروم کردیتی ہے۔ ان کے مطابق لڑکیوں کو تعلیم اور معاشی ترقی کے میدان میں یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ کوئی بھی قوم اپنی نصف آبادی کو ترقی کے عمل سے الگ رکھ کر پیش رفت نہیں کرسکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کی شادیوں کے خلاف قانون سازی اسلامی تعلیمات سے متصادم نہیں، جبکہ وفاقی شرعی عدالت سندھ میں کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون کو برقرار رکھ چکی ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صرف قانون سازی سے یہ مسئلہ ختم نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے عوامی آگاہی پیدا کرنا اور معاشرتی رویوں میں تبدیلی لانا بھی ضروری ہے۔

وزیر قانون کے مطابق پاکستان، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی صدارت کے دوران کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دے گا۔ اس سلسلے میں افریقی ممالک کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ اس مسئلے کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنایا جاسکے۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے آگاہی کا پیغام ہر گھر تک پہنچانا قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ لڑکیوں کے حقوق کے تحفظ، تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی اور ترقی کے یکساں مواقع یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.