مولانا فضل الرحمٰن کی مبینہ نظر بندی، کارکنوں کی گرفتاریوں اور ان کے خلاف درج مقدمات پر جمعیت علمائے اسلام نے کراچی میں احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے سیاسی کارکنوں کو فوری رہا کرنے اور مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی پریس کلب کے باہر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے مرکزی رہنما مولانا حمداللہ، ضلع شرقی کے صدر مولانا غیاث، ضلع جنوبی کے صدر مولانا نور الحق، ضلع کیماڑی کے صدر فخر الحسن، ضلع غربی کے صدر مفتی محمد خالد، مولانا سمیع سواتی، مفتی محمد لئیق اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور مفتی اسعد محمود کی سیکیورٹی دوبارہ فراہم کی جائے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کی ڈرون نگرانی، ان کی کردار کشی اور ان کے خلاف من گھڑت الزامات کی بھی مخالفت کی۔
احتجاج کے دوران مقررین نے سندھ کی تقسیم سے متعلق تجاویز کو بھی مسترد کیا اور مفتی اویس عزیز، قاری افتخار احمد سمیت دیگر کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے جماعت کے عہدیداروں اور ذمہ داران کو مبینہ طور پر غیر قانونی نوٹسز جاری کیے جانے کی بھی مذمت کی۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بدامنی، لاقانونیت اور عوام کے عدم تحفظ کے خلاف بھی آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کی نظر بندی اور پولیس کی جانب سے مختلف مقامات سے کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت کے کارکنوں کے خلاف درج مقدمات واپس لیے جائیں۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ گرفتار تمام کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کے خلاف درج ایف آئی آرز ختم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ایک پُرامن سیاسی جماعت ہے اور سیاسی انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں۔ ان کے مطابق جماعت جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور اپنی پُرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔