تازہ ترین

انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک جاری رہے گی، تصادم کا خطرہ مول نہیں لے سکتے، مصطفیٰ کمال

0

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سیکیورٹی خدشات اور ممکنہ تصادم کے پیش نظر 29 نومبر کو ہونے والی ریلی منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں، شہر کے امن اور کاروباری سرگرمیوں کا تحفظ ان کے لیے سیاسی سرگرمیوں سے زیادہ اہم ہے، تاہم انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک جاری رکھی جائے گی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماؤں سید مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار نے حق پرست اراکین اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر فاروق ستار نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا بنیادی مقصد یہ بتانا ہے کہ کمشنر کراچی نے ایم کیو ایم پاکستان کو اس کے جمہوری حق سے محروم کیا، جس کے باعث پارٹی کو 29 نومبر کی ریلی منسوخ کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔

فاروق ستار نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں نے بھی 29 نومبر کو ریلی نکالنے کا پروگرام بنایا تھا۔ ان کے مطابق اگر حکومت کو سیکیورٹی خدشات تھے تو تمام جماعتوں کی ریلیوں پر پابندی عائد کی جانی چاہیے تھی، لیکن حکومت سندھ کا فیصلہ امتیازی اور غیر منصفانہ ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت سندھ انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت کرکے اصل میں اس معاملے سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کھلم کھلا سندھودیش بنانے اور اپنی پراکسیز کی سرپرستی کرنا چاہتی ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں کے اجتماعات، سیاسی اور عوامی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد ہیں، حتیٰ کہ ان کے جھنڈوں کو ریلیوں میں استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں، لیکن اس کے باوجود حکومت سندھ نے 22 نومبر کو نکالی گئی ریلی میں مبینہ ملک مخالف نعروں کا نوٹس نہیں لیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر ملک مخالف عناصر کی سرپرستی کا الزام بھی عائد کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا اصل ذہن سندھ کے عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھنا ہے۔ کراچی سے لاڑکانہ اور نوابشاہ تک تمام شہریوں کو حقوق ملنے چاہییں۔ انہوں نے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر عوامی رائے لینے کے لیے آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت ریفرنڈم کرانے کی تجویز بھی پیش کی اور سوال کیا کہ عوام سے رائے لینے میں کیا اعتراض ہے؟

فاروق ستار نے کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے خلاف قراردادیں منظور کرنے کا جواز سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کے مطابق ایم کیو ایم نے 4 ستمبر 2026 کو سندھودیش کے قیام کے خلاف بھی قرارداد جمع کرائی تھی، لیکن اسے منظور نہیں کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ انتظامی یونٹس کا قیام سندھ کی جغرافیائی تقسیم کا معاملہ نہیں بلکہ انتظامی بوجھ کم کرنے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹھ کروڑ آبادی کا صوبہ سندھ 18 سالہ حکمرانی کے باوجود بہتر انتظامی نظام اور نمایاں ترقیاتی منصوبوں سے محروم ہے۔ انہوں نے کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور میرپورخاص کی ترقی سے متعلق سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اپنی کارکردگی پر تنقید سے بچنے کے لیے انتظامی یونٹس کی مخالفت کر رہی ہے۔

فاروق ستار نے سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں کے عوام کو دیوار سے لگانے کے بجائے دیوار میں چنوایا گیا ہے۔ ان کے مطابق صوبائی خودمختاری کے 20 سال بعد بھی ملک معاشی طور پر مضبوط نہیں ہوسکا، جبکہ مقامی حکومتوں کو اختیارات اور وسائل دینے کے بجائے ان کے اختیارات محدود کیے گئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 20 سال کے دوران ملکی معاشی ترقی کی شرح 2 سے ساڑھے 3 فیصد تک محدود رہی، جبکہ اس سے پہلے یہ شرح 6، 7 اور 8 فیصد تک تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں کو بااختیار بنائے بغیر عوامی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

فاروق ستار نے الزام لگایا کہ سندھ میں چند خاندان اپنی اجارہ داری اور اقتدار برقرار رکھنے کے لیے انتظامی یونٹس کے قیام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی فنڈنگ سے بھائی کو بھائی سے لڑانے کی مبینہ سازش کے حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا اور بلاول بھٹو کے بیانات کا نوٹس لینے کی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو اپنے ہی شہر میں ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی، تاہم سیاسی استحکام اور امن و امان کے وسیع تر مفاد میں حکومتی پابندی قبول کرتے ہوئے ریلی منسوخ کردی گئی۔ ان کے مطابق خدشہ تھا کہ ریلی کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری ایم کیو ایم پر ڈال دی جائے گی۔

فاروق ستار نے اعلان کیا کہ 29 نومبر کی ریلی منسوخ کی جا رہی ہے، جبکہ دسمبر میں اس کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے امن، کاروبار اور تجارت کے تحفظ کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان 29 نومبر کی ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کرتی ہے۔ انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک ایک بڑا مقصد ہے اور اسے عوام کی بھرپور پذیرائی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی ایک انسان کی جان و مال کو بھی خطرہ ہو تو ریلی کی تاریخ دس مرتبہ تبدیل کی جاسکتی ہے، کیونکہ انسانی جان اور امن و امان سب سے زیادہ اہم ہیں۔ ان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹ میں دہشت گردی کا خطرہ ظاہر کیا گیا تھا، جبکہ حکومت نے بھی ریلی کی اجازت نہیں دی تھی۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سندھودیش کا نعرہ لگانے والوں کی ریلی کے باعث تصادم کا خدشہ موجود تھا۔ معمولی سا بھی خطرہ ہوتا تو ایم کیو ایم ریلی منسوخ کرنے کا فیصلہ کرتی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک شہر، صوبے اور ملک کے عوام کی تحریک ہے، جس میں غریب اور متوسط طبقہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی عوامی تحریک کو متنازع نہیں بنانا چاہتی تھی، کیونکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے بعد الزام پارٹی پر آسکتا تھا۔ ان کے مطابق ریلی منسوخ کرکے قومی اور سیاسی پختگی کا ثبوت دیا گیا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے بلاول بھٹو کے ایک بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں خون بہنے سے متعلق بات کی، جسے ایم کیو ایم نے سنجیدگی سے لیا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے مقاصد کے لیے بعض افراد کو استعمال کر رہی ہے اور سندھ کارڈ کے ذریعے ریاست کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پولیس پر اختیار رکھنے والے رہنماؤں کی جانب سے مہاجروں کے خون بہنے سے متعلق بیانات تشویش ناک ہیں۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو نے جن شہروں کا ذکر کیا، وہاں مہاجر آبادی کی بڑی تعداد رہتی ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی تحریک کو تصادم اور بدامنی میں تبدیل نہیں ہونے دے گی۔

مصطفیٰ کمال نے 27 دسمبر 2007 کو بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد کراچی میں پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اس وقت تین روز تک شہر میں جلاؤ گھیراؤ ہوا، فیکٹریوں اور صنعتی اداروں کو آگ لگائی گئی، 100 سے زائد بینک لوٹے اور جلائے گئے، جبکہ ایک ہی دن میں ایک ہزار 143 گاڑیاں نذرِ آتش کی گئیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس دوران فیکٹریوں میں کام کرنے والی خواتین ورکرز کے ساتھ زیادتی کے واقعات بھی پیش آئے اور کراچی سے لاڑکانہ تک مہاجروں کی املاک کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق 27 دسمبر کے واقعات میں مخصوص طبقے کی دکانوں اور املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

مصطفیٰ کمال نے مزید الزام عائد کیا کہ 2007 میں گرفتار ہونے والے ہزاروں افراد کے مقدمات بعد میں واپس لے لیے گئے اور اس وقت کی صوبائی حکومت نے گرفتار افراد کو رہا کردیا تھا۔ انہوں نے کوٹہ سسٹم اور جعلی ڈومیسائل کے ذریعے شہری علاقوں کے حقوق متاثر ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔

انہوں نے کراچی کے شہری مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازہ میں لوگ مدد کے لیے پکارتے رہے، لیکن انہیں بروقت مدد نہ مل سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں موبائل فون چھیننے کے دوران نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے، جبکہ شہری ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات میں بھی جانیں گنوا رہے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے ان حالات کو ’’جمہوری دہشت گردی‘‘ قرار دیا۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کا قیام ریاست اور عوام دونوں کے مسائل کا حل ہے۔ ان کے مطابق کراچی میں رہنے والے سندھی، پختون، بلوچ، مہاجر، پنجابی اور سرائیکی سب ان کے بھائی ہیں اور پارٹی کسی قومیت کو مخالف نہیں سمجھتی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی عدم فراہمی، سڑکوں کی خراب صورتحال اور دیگر مسائل تمام قومیتوں کو متاثر کرتے ہیں۔ ان کے بقول شہر میں تقسیم زبان یا نسل کی بنیاد پر نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کے درمیان ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم کی آئندہ ریلی میں ہر قومیت اور طبقے کے افراد شریک ہوں گے، چاہے ان کا تعلق کچی آبادیوں سے ہو یا ڈیفنس اور کلفٹن سے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کی تحریک کسی ایک زبان یا قومیت تک محدود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں رہنے والے تمام شہریوں کو تحفظ کا احساس ہونا چاہیے، خصوصاً ان قومیتوں کو جو کسی علاقے میں تعداد کے لحاظ سے کم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کسی کی جاگیر نہیں اور عوامی مسائل پر بھی اسی طرح آواز اٹھائی جانی چاہیے جس طرح سیاسی معاملات پر اٹھائی جاتی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے بلاول ہاؤس میں پانی کی فراہمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی پانی ٹینکروں کے ذریعے پہنچایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق اگر کلفٹن میں پانی کی فراہمی بہتر بنائی جاتی تو پورے علاقے کو فائدہ پہنچتا۔ انہوں نے سندھ حکومت کے ایک افسر پر ورلڈ بینک کے آٹھ ارب روپے کے غبن کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ اس معاملے پر بینک نے فنڈنگ روک دی ہے اور سپریم کورٹ میں بھی اس کا ذکر ہوا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.