تازہ ترین

ملک سنگین معاشی بحران سے گزر رہا ہے، تمام سیاسی جماعتیں اتفاق رائے سے فیصلے کریں، بلاول بھٹو

0

رحیم یار خان: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کو سنگین قرار دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ قومی معاملات کو اتفاق رائے سے حل کیا جائے اور عوامی مسائل کو سیاسی اختلافات پر ترجیح دی جائے۔

رحیم یار خان میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کے مفت علاج کے اسپتال کے پہلے مرحلے کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور انہوں نے اپنی زندگی میں ایسی صورتحال نہیں دیکھی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، اس لیے قومی معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غربت ملک کے بڑے مسائل ہیں اور عوام کی خواہش ہے کہ سیاست دان اپنی توجہ ان مشکلات کے حل پر مرکوز کریں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی طرح رحیم یار خان، کوٹ ادو، گوجر خان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ رحیم یار خان میں ایس آئی یو ٹی اسپتال کا پہلا مرحلہ 50 بستروں پر مشتمل ہوگا۔ یہاں مریضوں کو ڈائلیسس، ایمرجنسی، لیبارٹری ٹیسٹ، پتھری کے علاج، الٹراساؤنڈ اور ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کی جائیں گی۔

ان کے مطابق منصوبے پر کام کا آغاز اکتوبر 2026 میں ہوچکا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ اگلے سال پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد اسپتال میں طبی سہولیات کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے۔ دوسرے مرحلے میں آپریشن تھیٹرز اور دیگر جدید طبی سہولیات کا اضافہ کیا جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنوبی پنجاب میں اس فلاحی منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔

انہوں نے زور دیا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ ماضی کی سیاسی کشیدگی اور کھینچا تانی کا نقصان بالآخر غریب عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے ماضی کی سیاسی مفاہمت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور میاں محمد نواز شریف نے یہ طے کیا تھا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں آئین اور جمہوریت پر یقین رکھیں گی، ایک دوسرے کے انتخابی مینڈیٹ کا احترام کریں گی اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.