افغانستان کے صوبے کنڑ میں اسکول کے قریب دھماکا،97 زخمی
کابل: افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ میں اسکول کے قریب ہونے والے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 7 طلبہ جاں بحق اور 97 زخمی ہوگئے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
افغان حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکا اسکول کے نزدیک کان کنی کرنے والی کمپنیوں کے ایک ڈپو میں ذخیرہ کیے گئے بارودی مواد میں ہوا۔ دھماکے کی شدت کے باعث قریبی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور طلبہ بڑی تعداد میں متاثر ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں دھماکے کی وجوہات اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
کنڑ کے اسپتال کے سربراہ مولاداد نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں سے متعلق جاری کیے گئے اعدادوشمار ابتدائی ہیں۔ ان کے مطابق مزید معلومات سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔