وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور کے نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کو شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کے اجرا کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے ملاقات کرکے خدمات کی فراہمی میں لگنے والے وقت، عملے کے رویے اور انہیں درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔
بعض شہریوں نے ٹوکن حاصل کرنے کے لیے باہر انتظار کرنے کی شکایت کی، تاہم انہوں نے سنٹر کے اندر تیز رفتار خدمات اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شہریوں کے مطابق ٹوکن کے حصول میں انتظار کرنا پڑتا ہے، لیکن سنٹر کے اندر چند منٹوں میں کام مکمل ہوجاتا ہے۔ بعض افراد نے بتایا کہ انہیں صرف 10 منٹ میں اپنی باری مل گئی، جبکہ ایک بزرگ شہری نے عملے کے تعاون کو سراہا۔
محسن نقوی نے شہریوں کو فوری خدمات فراہم کرنے پر نادرا عملے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ٹوکن کے حصول کے دوران انتظار کا مسئلہ بھی جلد حل کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو شہریوں کی شکایات فوری دور کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ ٹوکن کے حصول سے لے کر دستاویزات کی تیاری تک شہریوں کو تیز رفتار اور بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بروقت خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔