اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع سمیت اہم شعبوں میں روابط مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم ہاؤس میں عمان کے سفیر سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے پاکستان اور عمان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات میں موجود مثبت پیش رفت کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس مقصد کے لیے معاشی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینا ضروری ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
عمانی سفیر نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور عمانی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ملک کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔