کوئٹہ کو صاف ستھرا شہر بنانے کے لیے کمشنر کی ہدایت، ڈمپنگ سائٹس کی فوری صفائی کا حکم
کوئٹہ میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے اور شہر سے کچرے کے خاتمے کے لیے انتظامی اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ دستیاب وسائل استعمال کرتے ہوئے ڈمپنگ سائٹس اور کچرا جمع کرنے کے مقامات کی صفائی جلد مکمل کی جائے۔
اس حوالے سے کمشنر ذیشان لاشاری کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کی مجموعی صفائی کی صورتحال اور صفا کوئٹہ کی جانب سے نظام بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی ای او صفا کوئٹہ دل نواز شاہ، پی پی پی کے افسران اور متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سی ای او صفا کوئٹہ نے کمشنر کو شہر میں صفائی کی صورتحال، درپیش مسائل، مشکلات اور جاری سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صفا کوئٹہ گزشتہ تین سال سے شہر میں کوڑا کرکٹ جمع کرنے اور اسے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے۔ رواں سال کے دوران ہر ماہ شہر سے 40 ہزار ٹن سے زائد کچرا اٹھایا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق کوئٹہ میں 137 ڈمپنگ سائٹس، 6 ٹرانسفر اسٹیشنز اور 2 لینڈ فل سائٹس موجود ہیں، جن میں ایسٹرن بائی پاس اور کچلاک کے مقامات بھی شامل ہیں۔ کچلاک میں حالیہ دنوں کے دوران کچرا ٹھکانے لگانے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مشینری، افرادی قوت اور دیگر وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اب تک 384 ملازمین نے رپورٹ کیا ہے، جن میں سے 170 عملی طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق کوئٹہ میں دو لاکھ سے زائد گھریلو اور 95 ہزار سے زیادہ کمرشل صارفین موجود ہیں۔ ڈور ٹو ڈور کچرا جمع کرنے کے نظام کے باعث شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔
اس موقع پر نجی شراکت دار کو ادائیگیوں کے طریقہ کار، ٹیکس کٹوتی، جرمانوں اور آڈٹ سرٹیفیکیشن سے متعلق امور پر بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔
کمشنر ذیشان لاشاری نے ہدایت کی کہ صفائی کے تمام دستیاب وسائل مؤثر انداز میں استعمال کیے جائیں اور ڈمپنگ سائٹس سمیت کچرا جمع کرنے کے مقامات کو جلد صاف کیا جائے۔ انہوں نے گھر گھر سے کچرا جمع کرنے کے نظام کو مزید وسعت دینے اور اس کی کارکردگی بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کو صفائی کے حوالے سے ایک مثالی شہر بنانے کے لیے مربوط اقدامات ضروری ہیں تاکہ شہریوں کے ساتھ یہاں آنے والے مہمانوں کو بھی صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جاسکے۔
کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے کام میں استعمال ہونے والی گاڑیوں، مشینری اور ملازمین کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے تاکہ سرگرمیوں کی نگرانی اور کارکردگی کا مؤثر جائزہ لیا جاسکے۔
آخر میں کمشنر ذیشان لاشاری نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کوئٹہ کو صاف رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں، کچرا گلیوں، سڑکوں اور نالیوں میں پھینکنے کے بجائے مقررہ کلیکشن پوائنٹس پر رکھیں یا پلاسٹک کی تھیلیوں میں محفوظ کریں تاکہ اسے بروقت اٹھانے اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے میں آسانی ہو۔