تازہ ترین

سفارش اور فروخت کا دور ختم، سرکاری ملازمتیں اہل امیدواروں کا حق ہیں، سرفراز بگٹی

0

بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے سفارش کے بجائے میرٹ کو بنیاد بنانے کے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے گوادر میں 99 سیکنڈری اسکول ٹیچرز کو تعیناتی کے احکامات جاری کردیے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں سرکاری ملازمتیں اب سفارش کی بنیاد پر نہیں بلکہ امیدواروں کی قابلیت اور اہلیت کے مطابق دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری نوکریاں کسی کی ذاتی جاگیر نہیں اور نہ ہی انہیں فروخت کیا جاسکتا ہے، بلکہ یہ صرف اہل اور مستحق امیدواروں کا حق ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ نوجوانوں کو روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات اور پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ میرٹ کی بالادستی، بہتر طرز حکمرانی، ادارہ جاتی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے لیے شفاف بھرتیوں کا نظام ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمتوں میں میرٹ کی پالیسی کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھے گی اور کسی کو بھی نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

گوادر میں تعیناتی کے احکامات حاصل کرنے والی خواتین اساتذہ نے بھرتیوں کے شفاف عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری محکموں میں بھرتیوں کا عمل قابلیت اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق جاری رکھا جائے گا تاکہ حقدار امیدواروں کو ان کا حق مل سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.