وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا تربت میں طلبہ کے لیے اے آئی ڈیپارٹمنٹ، 50 اسکوٹرز اور پنک بس سروس کا اعلان
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تربت میں طلبہ کے لیے جدید تعلیمی سہولیات، سفری آسانیوں اور مطالعاتی مواقع فراہم کرنے کے متعدد اعلانات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ نوجوانوں کو تشدد اور انتہاپسندی کے بجائے علم، تحقیق اور فکری مباحث کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تربت میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کھلے مکالمے اور سوال و جواب کے خصوصی سیشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی جدوجہد اور مختلف نظریات پر تعمیری اور علمی بحث ہونی چاہیے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا پروپیگنڈے کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور محرومیوں کی بنیاد پر انتہاپسندی کی طرف دھکیلنے کے رجحانات تشویشناک ہیں۔ حکومت بلوچستان نوجوانوں کے سوالات، تحفظات اور تنقیدی آرا سننے کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست، حکومت اور بلوچستان کے ترقیاتی مسائل سے متعلق نوجوان بلا جھجک سوالات اٹھائیں، کیونکہ بامعنی مکالمہ مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی آف تربت کے طلبہ کے لیے متعدد اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں یونیورسٹی کے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ڈیپارٹمنٹ کے لیے ضروری فنڈز فراہم کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور تعلیم کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔
انہوں نے یونیورسٹی آف تربت کے طلبہ کے لیے 50 اسکوٹرز فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ان کی تقسیم کا طریقہ کار وائس چانسلر طے کریں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے طلبہ کے لیے مری اور ایبٹ آباد کے مطالعاتی دوروں کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان دوروں کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی۔
شہر میں سفری سہولیات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے تربت کی گرین بس سروس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ آئندہ سال مزید گرین بسیں چلانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے خواتین کی سفری سہولت کے لیے اگلے سال تربت میں پنک بس سروس متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ جدید علوم، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں پر توجہ دیں، کیونکہ یہی نوجوان مستقبل میں صوبے اور ملک کی قیادت کریں گے۔
اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے طلبہ سے براہ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انٹرن شپ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنے والی ایک طالبہ کی موقع پر مالی معاونت بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور عملی تجربات کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔