جعفرآباد سبزی منڈی کے ترقیاتی منصوبے میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈپٹی کمشنر
جعفرآباد کے شہریوں کو روزمرہ اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لیے بہتر اور منظم سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے سبزی منڈی کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ جاری ہے، جس کے تحت سڑکوں، شیڈز اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے سبزی منڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد سبزی، فروٹ، گوشت اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء ایک ہی مقام پر دستیاب کرنا ہے تاکہ شہریوں کو خریداری میں درپیش مشکلات کم کی جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ سبزی منڈی کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ تاجروں، آڑھتیوں اور دیگر کاروباری افراد کو بھی بہتر کاروباری ماحول میسر آئے گا۔
اس موقع پر سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی ممتاز علی جتک نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منڈی میں سڑکوں کی تعمیر، شیڈز کی تنصیب اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی کام جاری ہیں، جنہیں طے شدہ منصوبہ بندی کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد منڈی میں دکانوں اور دیگر کاروباری مقامات کی الاٹمنٹ کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر خالد خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور معیار و شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام کام پی سی ون میں منظور شدہ ڈیزائن، معیار اور شرائط کے مطابق مکمل کیے جائیں، جبکہ غیر معیاری تعمیر یا غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے اس منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے نگرانی جاری رکھے گی۔ مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں تاکہ منصوبے کی تکمیل کے بعد شہریوں اور کاروباری طبقے کو عملی طور پر بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔