تازہ ترین

مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اعلیٰ سطحی دفاعی بیٹھک اسلام آباد میں شروع

0

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو عملی شکل دینے اور علاقائی سلامتی کے امور پر مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے تینوں ممالک کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت کا اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوگیا ہے۔

اجلاس مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اسٹریٹجک پولیٹیکل ڈیفنس کمیٹی کے پلیٹ فارم پر منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور آرمی چیفس شریک ہیں۔

عاج نیوز کے مطابق اجلاس میں دفاعی تعاون کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے اور خطے کو درپیش اہم سیکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کے ایجنڈے میں اجتماعی دفاع کے عزم پر عمل درآمد کے طریقہ کار، تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے امور شامل ہیں۔

شرکا سعودی عرب پر حوثیوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے تناظر میں ممکنہ مشترکہ ردعمل اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مؤثر بنانے کے لیے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کے طریقہ کار پر بھی غور کر رہے ہیں۔

اجلاس کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ مختلف مخصوص راستوں پر ٹریفک کی آمدورفت محدود، بعض روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ معطل اور اہم تفریحی مقامات بند رکھے گئے ہیں۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جمعے کے روز مقامی تعطیل کا اعلان بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے 7 اگست کو مکہ مکرمہ میں وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی موجودگی میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

اس معاہدے کے ذریعے تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ سیکیورٹی مفادات کے تحفظ اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کیا گیا ہے۔

اس انتظام کے تحت دوسرا اجلاس 31 اگست کو استنبول میں منعقد ہوا تھا، جس کے بعد ستمبر اور اکتوبر میں ریاض میں بھی اجلاس ہوئے۔ اسلام آباد کا موجودہ اجلاس گزشتہ ملاقاتوں میں ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھانے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں مہمان شخصیات کے استقبال کے لیے ضلعی انتظامیہ اور ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن نے اہم شاہراہوں، سڑکوں اور فلائی اوورز پر خیرمقدمی بینرز اور ہورڈنگز بھی نصب کیے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.