وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پنجابی زبان کے فروغ کے لیے بھرپور سرکاری تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویژن پنجابی زبان میں پروگراموں کی تیاری اور نشریات کی ذمہ داری ادا کریں گے۔
پنجابی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اپنے لوگوں کے ساتھ اپنائیت اور مہمان نوازی کا احساس بھی بڑی خوشی کا باعث ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے، جس پر وہ خوش ہیں۔
وفاقی وزیر نے کانفرنس کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجابی زبان کے فروغ کے لیے شروع کیا گیا کام نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی یہ معاملہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہا، جبکہ انہوں نے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان کی تقریر بھی سنی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پنجابی زبان کے حوالے سے وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویژن کو جو ذمہ داری سونپی جائے گی، اسے بھرپور انداز میں پورا کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجابی زبان میں پروگرام تیار کرکے نشر کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے بات چیت کرنا اور ان کا تعاون یقینی بنانا ان کی ذمہ داری ہے۔