پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت باہمی تعاون، اجتماعی دفاع اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں معاہدے کے اعلیٰ سطحی فیصلہ ساز فورم اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس تقریباً ڈھائی گھنٹے جاری رہا۔
اجلاس کے بعد نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ شرکا نے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک نے اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ایک دوسرے کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام سے متعلق معاہدے کے نکات پر عملدرآمد کے عزم کی توثیق کی۔ اجلاس میں گزشتہ ملاقات کے فیصلوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور سعودی عرب میں دفاعی اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور فعال ہونے کی رفتار پر اطمینان ظاہر کیا گیا۔
اسحاق ڈار کے مطابق تینوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت اور رابطہ کاری جاری رکھنے، علاقائی کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پُرامن حل کی کوششوں کی حمایت پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں یمن کے حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ تینوں ممالک نے دفاعی صنعت، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کی۔ سعودی وفد میں وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شامل تھے۔ ترکیہ کی جانب سے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، وزیر دفاع یاشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراک تاروغلو شریک ہوئے۔
اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے بھی ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مضبوط سیاسی تعلقات کو عملی معاشی فوائد میں تبدیل کرنے اور مکہ دفاعی معاہدے کے تحت قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی اور ترک وفود سے ملاقات میں تینوں ممالک کے مشترکہ دفاعی عزم کو سراہا اور سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔