امریکا میں شدید طوفان اور بارشوں سے تباہی، تقریباً 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم
واشنگٹن: امریکا میں تھینکس گیونگ ڈے کی تعطیلات کے دوران شدید سمندری طوفان اور موسلادھار بارشوں نے مشرقی ساحلی ریاستوں میں معمولاتِ زندگی درہم برہم کردیے، جس کے نتیجے میں تقریباً 10 لاکھ بجلی صارفین متاثر ہوئے، جبکہ فضائی اور زمینی سفر بھی شدید مشکلات کا شکار ہوگیا۔
شدید موسمی صورتحال کے باعث ملک بھر میں 500 پروازیں منسوخ اور 3 ہزار سے زائد تاخیر کا شکار ہوئیں۔ نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی کے بڑے ہوائی اڈے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ریگن ایئرپورٹ کے رن ویز پر سیلابی پانی جمع ہوگیا، جبکہ لاگارڈیا ایئرپورٹ پر حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر پروازوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔
طوفان کے دوران بجلی کی فراہمی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ جمعرات کی شام ساڑھے 7 بجے طوفان کی شدت کے دوران 9 لاکھ 61 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے تھے، تاہم رات تقریباً 10 بجے تک یہ تعداد کم ہوکر 9 لاکھ 8 ہزار رہ گئی۔
ریاست پنسلوینیا میں 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد صارفین کی بجلی منقطع ہوئی، جبکہ نیو جرسی میں ایک لاکھ 79 ہزار، میری لینڈ میں ایک لاکھ 39 ہزار، ورجینیا میں ایک لاکھ 6 ہزار، مسوری میں ایک لاکھ اور نیویارک میں 68 ہزار سے زائد گھروں اور کاروباری مراکز کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
شدید بارشوں کے باعث زمین نرم ہونے اور 50 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے نتیجے میں متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ کئی درخت بجلی کی تاروں اور کھمبوں پر گرنے سے بجلی کی فراہمی کا نظام متاثر ہوا۔
دوسری جانب تیز ہواؤں اور ساحلی علاقوں میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر پنسلوینیا اور نیو جرسی کو ملانے والا کموڈور بیری برج ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، جبکہ ریاست میری لینڈ کے متعدد پلوں پر بھی آمد و رفت روک دی گئی۔
خراب موسم نے نیویارک شہر کی مشہور سالانہ میسیز تھینکس گیونگ ڈے پریڈ کو بھی متاثر کیا۔ اپنی 100 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ موسم کی خرابی کے باعث یہ پریڈ ملتوی کردی گئی اور اسے ہفتہ 28 نومبر تک مؤخر کردیا گیا۔
ادھر شدید طوفان اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر نیویارک اور نیو جرسی کے گورنرز نے اپنی ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی۔ نیویارک شہر اور ورجینیا میں سیلابی پانی میں پھنس جانے والی گاڑیوں سے درجنوں افراد کو ریسکیو بھی کیا گیا۔
طوفان کے اثرات امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں تک محدود نہیں رہے۔ مشرقی ریاستوں میں موسلادھار بارشوں اور بلند سمندری لہروں نے مشکلات پیدا کیں، جبکہ وسط مغربی ریاست مسوری میں شدید برف باری ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب مغربی ساحل پر کیلیفورنیا کے ساحلی علاقوں میں بھی بلند لہروں کے باعث لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی۔
اس طرح تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران امریکا کی مختلف ریاستیں شدید موسمی صورتحال کی لپیٹ میں رہیں، جس سے لاکھوں افراد کی روزمرہ زندگی، بجلی کی فراہمی اور سفری منصوبے متاثر ہوئے۔