تازہ ترین

سندھ میں ترقی، سرمایہ کاری اور امن و امان حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، وزیراعلیٰ

0

سندھ حکومت نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، سرمایہ کاری اور امن و امان کی بہتری کو اپنی اولین ترجیحات قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کی عالمی سطح پر خطرناک شہروں کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں بھی 76 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں 28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے 105 سے زائد شرکا سے ملاقات کے دوران کیا۔ ورکشاپ کی قیادت میجر جنرل محمد رضا کر رہے تھے، جبکہ شرکا میں 25 خواتین بھی شامل تھیں۔

ملاقات میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، سردار علی شاہ، جام خان شورو، ضیاء الحسن لنجار اور ذوالفقار شاہ کے علاوہ چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، آئی جی پولیس جاوید اوڈھو اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سندھ کی ترقی، سرمایہ کاری، امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی ملک کا ترقی پسند، معاشی طور پر متحرک اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والا شہر ہے، جہاں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور کاروبار و روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر کراچی پسماندہ شہر ہوتا تو لوگ یہاں آکر کیوں آباد ہوتے؟ ان کے مطابق سیاسی مخالفین شہر کے بارے میں منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ دنیا کے خطرناک ترین شہروں کی فہرست میں کراچی کی درجہ بندی 2013 کے چھٹے نمبر سے بہتر ہوکر 138ویں نمبر پر آگئی ہے۔

انہوں نے تھر کول سے بجلی کی پیداوار، شاہراہ بھٹو اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو سندھ حکومت کی اہم کامیابیاں قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں سائبر نائف کے ذریعے کینسر کا مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ قومی ادارہ برائے امراض قلب میں دل کے مریضوں کو علاج کی وسیع سہولیات دستیاب ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی امدادی اداروں کا سندھ حکومت پر اعتماد ہے اور وہ ترقیاتی منصوبوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ شراکت داری کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق سابقہ حکومتیں جن منصوبوں کو مکمل نہیں کرسکیں، پیپلز پارٹی کی حکومت نے انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

سندھ کی تقسیم سے متعلق تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام سندھ کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2005 میں حیدرآباد ڈویژن کو چار اضلاع میں تقسیم کرنے سے انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔

کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حکومت نے اس معاملے پر سخت کارروائی کی ہے۔ واقعے کے بعد سیکریٹری بلدیات اور ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی افرادی قوت، مہارت اور کارکردگی کا جامع آڈٹ کرانے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ عمارتوں کے نقشوں کی منظوری اور عدم اعتراض سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے تیسرے فریق کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے میں بامعنی اور مؤثر اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔

مراد علی شاہ نے سندھ کو مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کا عملی نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں مسلمان ووٹروں نے ہندو نمائندوں کو منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے صنعتی ترقی اور نجی سرمایہ کاری ضروری ہے۔ دھابیجی، بدین اور دیگر علاقوں میں خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ نوجوانوں اور ہاریوں کو خصوصی کارڈز کے ذریعے مالی معاونت، چھوٹے قرضے اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اجلاس کے دوران چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2026-27 کے لیے سندھ کا ترقیاتی بجٹ 720 ارب 6 کروڑ روپے مختص کیا گیا ہے۔ حکومت بنیادی ڈھانچے، بلدیاتی نظام، آبپاشی، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، زراعت، توانائی اور پانی کی فراہمی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

شرکا کو ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا اصل مقصد عوام کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لانا ہے۔ انہوں نے منصوبوں پر بروقت عمل درآمد، مالیاتی نظم و ضبط اور مؤثر نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔

سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ کے دوران سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ سندھ میں 2026 کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 76 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آئی جی پولیس جاوید اوڈھو نے بتایا کہ کچے کے علاقوں میں 594 افراد نے ہتھیار ڈالے، 306 کو گرفتار جبکہ 63 کو ہلاک کیا گیا۔ ان علاقوں میں امن و امان کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اجلاس کے شرکا کو کراچی سیف سٹی منصوبے، ڈیجیٹل پولیسنگ اور جدید نگرانی کے نظام پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیکیورٹی اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس آپریشنز اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کچے کے علاقوں میں پائیدار امن کے لیے بحالی اور ترقیاتی اقدامات کو بھی ضروری قرار دیا۔

نشست کی نظامت سیکریٹری سیاحت، معدنیات و وسائل نور محمد سموں نے کی، جبکہ انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز، ریسرچ اینڈ اینالیسس کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل رضا ایاز نے اظہار تشکر کیا۔ تقریب کے اختتام پر یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا اور گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.